گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کو تنظیمی طورپر منقسم کرنے کی مخالفت

   


پارٹی قائدین کے ساتھ سکریٹری اے آئی سی سی کا اجلاس
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے آج اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو اور صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے شہر کے اہم قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ گریٹر حیدرآباد کو تنظیمی طور پر تین حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ قائدین کی اکثریت نے موجودہ نظام کو برقرار رکھنے کی تائید کی اور کہا کہ حیدرآباد جیسے تاریخی شہر کو تنظیمی طور پر تین حصوں میں تقسیم کرنے سے پارٹی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے حال ہی میں گریٹر حیدرآباد کو تنظیمی طور پر منقسم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کانگریس قائدین کا احساس ہے کہ گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کے احیاء کے امکانات روشن ہیں اور کیڈر مضبوط ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کیڈر کی رہنمائی کرنے کیلئے متحرک قیادت فراہم کی جائے ۔ سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے بلدی انتخابات کے بعد گریٹر حیدرآباد کی صدارت سے استعفیٰ پیش کردیا ہے ۔ وہ پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے اپنی دعویداری پیش کرچکے ہیں اور گزشتہ دنوں نئی دہلی میں کانگریس کے اہم قائدین سے ملاقات کی۔ آج کے اجلاس میں اتم کمار ریڈی کے علاوہ انجن کمار یادو ، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی ، جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس انیل کمار یادو ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس بی کشن ، ایس جگدیش ، پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن ، میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل اور مختلف اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس نے شرکت کی۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ گریٹرحیدرآباد میں حالیہ انتخابی نتائج کی پرواہ کئے بغیر پارٹی کو عوامی مسائل پر متحرک کیا جائے ۔