گریٹر حیدرآباد میں 6 دن کی بارش سے سڑکوں پر تین ہزار سے زائد گڑھے

   

بیشتر مقامات پر سڑکیں ناکارہ ، ٹریفک مسائل کے ساتھ حادثات بھی رونما
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ایک ہفتہ سے ہونے والی بارش سے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں سڑکیں بڑے پیمانے پر ناکارہ ہوگئی ہیں ۔ عہدیداروں نے 6 دن کے دوران سڑکوں پر تین ہزار سے زائد گڑھے کھڈے پڑ جانے کی نشاندہی کی ہے ۔ جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں بڑے پیمانے کی دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ ٹریفک مسائل پیش آنے کے ساتھ ساتھ حادثات بھی پیش آرہے ہیں ۔ بالخصوص سڑکوں کی ترقی کے لیے تیار کردہ خصوصی ایس آر ڈی پی کے تحت فلائی اوورس ، آر او بی ، آر یو بی تعمیرات والے مقامات عنبر پیٹ ، نلگنڈہ چوراستہ ، سعید آباد ، اپل ، نامپلی ، اندرا پارک ، وی ایس ٹی ، آرام گھر ، زو پارک کے راستوں کی ابتر صورتحال ہے ۔ فی الحال مٹی کنکر سے ان گڑھوں کو بھرا جارہا ہے ۔ بارش کم ہونے کے بعد بی ٹی میکسنگ روڈ تعمیر کرنے کا عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں ۔ ان سڑکوں کی عارضی مرمت کے لیے ایک کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ بارش کی وجہ سے آوٹر رنگ روڈ پر گڑھے پڑ گئے ہیں ۔ ضلع وقار آباد میں عہدیداروں نے تاحال 18 کلو میٹر تک سڑکوں کو نقصان پہونچنے کی نشاندہی کی ہے ۔ اس طرح ضلع رنگاریڈی کے مضافاتی علاقوں میں ٹرانسپورٹ نظام کی ابتر صورتحال ہوگئی ہے ۔۔ ن