گریٹر حیدرآباد کو 6 اضلاع میں تقسیم کرنے بی جے پی کا فیصلہ

   

تنظیمی سطح پر استحکام ، قائدین کے اجلاس میں کشن ریڈی کی شرکت
حیدرآباد ۔15۔ جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے بی جے پی نے بعض اہم فیصلے کئے ہیں۔ زیادہ قائدین کو موقع فراہم کرنے کیلئے چھوٹے اضلاع قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پارٹی کی قومی قیادت نے ریاستی یونٹ کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ڈیویژنس کی بنیاد پر 6 اضلاع قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ حیدرآباد ریونیو ڈسٹرکٹ کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ صنعت نگر ، مشیر آباد ، سکندرآباد اور کنٹونمنٹ اسمبلی حلقوں کو ایک ضلع قرار دیا گیا ۔ عنبر پیٹ ، خیریت آباد ، نام پلی ، جوبلی ہلز اسمبلی حلقے دوسرے ضلع میں شامل رہیں گے۔ گوشہ محل ، کاروان اور چارمینار اسمبلی حلقوں کو ایک ضلع کا درجہ دیا گیا ہے ۔ چندرائن گٹہ ،یاقوت پور ، ملک پیٹ اور بہادر پورہ حلقوں پر مشتمل ایک ضلع مقرر کیا گیا ۔ رنگا ریڈی اور میڑچل کے وہ ڈیویژنس جو گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آتے ہیں، انہیں دو علحدہ ضلع تصور کئے جائیں گے۔ ان 6 اضلاع کے لئے نئے صدور کا انتخاب کیا جائے گا ۔ بی جے پی نے حیدرآباد میں پارٹی کو تنظیمی طور پر مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی اور سابق صدر ڈاکٹر لکشمن ، ایم ایل سی این رامچندر راؤ اور دیگر قائدین شریک تھے ۔