گریٹر حیدرآباد کے عوام کو مفت پانی ‘ سیلونس و لانڈریز کو مفت برقی

,

   

٭ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے ماسٹر پلان بنایا جائیگا
٭ مارچ تک ستمبر موٹر وہیکل ٹیکس معاف کرنے کا اعلان
٭ حیدرآباد کی خوبصورتی میں چار چاند لگائے جائیں گے
٭ چیف منسٹر کے سی آر نے ٹی آر ایس کا انتخابی منشور جاری کیا

حیدرآباد : چیف منسٹر کے سی آر نے گریٹر حیدرآباد حدود میں 20ہزار لیٹر سے کم پانی استعمال کرنے والے عوام کو ماہ ڈسمبر سے مفت پانی سربراہ کرنے گریٹر حیدرآباد کے بشمول ریاست بھر کے حجامت خانے ( سیلون) ، لانڈریز اور دھوبی گھاٹس کو مفت برقی سربراہ کرنے ، گریٹر حیدرآباد میں سیوریج مسائل کا مستقبل حل کرنے اور سیلاب کے خطرات سے نمٹنے ماسٹر پلان پر عمل کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے آج تلنگانہ بھون میں جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے انتخابی منشور جاری کرکے عوام کا دل جیتنے کی ہر ممکنہ کوشش کی ہے ۔اس موقع پر وزراء محمد محمود علی ، ٹی سرینواس یادو ، سبیتا اندرا ریڈی ، کے ایشور ، ٹی آر ایس سکریٹری جنرل و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کیشو راؤ و دیگر موجود تھے ۔ کے سی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں شہر حیدرآباد ملک کے دوسرے شہروں کے بہ نسبت تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں کی فہرست میں شامل ہوگیا ۔ کورونا اور لاک ڈاؤن کے باعث اس کا راست اثر معیشت پر دیکھنے کو ملا ہے ۔ مرکز سے تعاون کے بغیر حکومت نے فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی اقدامات کو بھی جاری رکھا ہے ۔ غریبوں کی ہر ممکن مدد کی ہے ۔ وہ آج ایک بڑا اعلان کررہے ہیں کورونا بحران کے دوران مارچ سے ستمبر تک موٹر وہیکل ٹیکس کو معاف کررہے ہیں ۔ ریاست میں 3,37,611 گاڑیوں کے 267 کروڑ روپئے کے موٹر وہیکل ٹیکس کو معاف کیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی صنعتوں ، تجارتی اداروں اور ایچ ڈی ایل ٹی زمرے کو اقل ترین ڈیمانڈ چارجس سے استثنیٰ دیا جارہا ہے ۔ اس میں ریاست بھر کے سنیما تھیٹرس بھی شامل رہیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں 20ہزار لیٹر سے کم پانی استعمال کرنے والوںکو آئندہ ڈسمبر سے پانی مفت سربراہ کیا جائے گا ۔ حکومت کے اس فیصلے سے 97فیصد عوام کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پانی کیلئے جھگڑے کے واقعات ختم ہوگئے ہیں ۔ آئندہ پچاس سال کی منصوبہ تیار کرتے ہوئے کیشو پورم میں ایک بڑا ذخیرہ آب تعمیر کیا جارہا ہے جس کیلئے تمام منظوریاں حاصل ہوگئی ہیں ، بہت جلد تعمیرات کا آغاز ہوجائیگا ۔ گریٹر حیدرآباد کے بشمول ساری ریاست میں حجامت خانے ( سیلونس) کے علاوہ دھوبی گھاٹس ، لانڈری شاپس کو آئندہ ماہ ڈسمبر سے مفت برقی سربراہ کی جائے گی طویل عرصہ سے اس کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ حکومت نے سنجیدگی سے جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے ۔ اسکے علاوہ حالیہ سیلاب سے گریٹر حیدرآباد میں جن دھوبی گھاٹس کو نقصان پہنچا ہے حکومت ان کی تعمیر و مرمت کرے گی ۔ ضرورت پڑھنے پر عصری سہولتوں سے لیس دھوبی گھاٹس تعمیر کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے ہمارا حیدرآباد سب کیلئے ترقی سے مربوط ٹیاگ لائن کے ساتھ پارٹی منشور جاری کیا اور کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبہ بندی تیار کرتے ہوئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں ’ کار ‘ کے نشان کو ووٹ دیتے ہوئے ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ آئندہ چند دن میں گریٹر حیدرآباد کی ترقی کیلئے جامع قانون سازی کی جائیگی ۔ شہر کی خوبصورتی میں چار چاند لگایا جائے گا ، شفاف نظام ہوگا ، بدعنوانیوں سے پاک قانون بنایا جائے گا ۔ ابھی تک ٹی ایس بی پاس ، نیا ریونیو قانون جیسے کئی قواتین بنائے گئے ہیں ۔ شہر کی تیز رفتار ترقی میں معاون اور ایک قانون بنایا جائے گا ۔ دھرانی پورٹل پر عوام کو کافی شکوک و شبہات تھے مگر اس قانون پر ملک بھر میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ مشن بھگیرتا کو 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس کی منصوبہ بندی پر کسی کو بھروسہ نہیں تھا لیکن حکومت نے اس پر عمل کر کے دکھایا ہے ۔ شہر پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کو حصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ میٹرو ریل پراجکٹ کو دوسرے مرحلے میں رائے درگم سے شمس آباد ایئرپورٹ تک اور بی ایچ ای ایل سے مہدی پٹنم تک توسیع دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔