گلاسگو (اسکاٹ لینڈ)، 29 جولائی (یو این آئی) دولتِ مشترکہ کھیل 2026کے پانچویں روز ہندستانی ایتھلیٹ گلویر سنگھ نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کی 10ہزار میٹر دوڑ میں سلور میڈل اپنے نام کیا، جبکہ ویٹ لفٹنگ میں خواتین کے69 کلوگرام زمرے میں ہرجندرکور نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سلور میڈل جیت لیا۔ گلویر سنگھ نے دولتِ مشترکہ کھیلوں کی تاریخ میں نیا باب رقم کیا۔ وہ مردوں کی10ہزار میٹر دوڑ میںمیڈلس جیتنے والے پہلے ہندوستانی ایتھلیٹ بن گئے ۔موجودہ ایشیائی چمپئن گلویر نے اسکاٹس ٹاؤن اسٹیڈیم میں 27 منٹ 49.78 سیکنڈ کا وقت لیا اور آسٹریلیا کے کائی رابنسن (27:48.93) کے بعد دوسرے نمبر پر رہے ، جبکہ آئل آف مین کے ڈیوڈ ملارکی نے27:50.28 کے وقت کے ساتھ برونز میڈل حاصل کیا۔دوسری جانب نوعمر ہائی جمپر پوجا سنگھ اپنے پہلے دولتِ مشترکہ کھیلوں میں آٹھویں مقام پر رہیں، جبکہ وشال ٹی کے مردوں کی 400 میٹر دوڑکے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔25 چکروں پر مشتمل اس دوڑ کے بیشتر حصے کے دوران مسلسل بارش ہوتی رہی، تاہم گلویئر سنگھ ابتدا ہی سے سبقت رکھنے والے گروپ کے ساتھ رہے ۔ انہوں نے 3 ہزار میٹر کا فاصلہ 8منٹ 39.2سیکنڈ میں طے کیا۔