گل کی پہلے مقام پر واپسی، سوریا ونشی کی ٹی 20 میں لمبی چھلانگ

   

دبئی، 29 جولائی (آئی اے این ایس) ہندوستانی بیٹر شبھمن گل نے آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں ایک بار پھر ونڈے فہرست میں نمبر ایک مقام حاصل کرلیا، جبکہ زمبابوے کے خلاف شاندار سیریزکے بعد 15 سالہ وائبھَو سوریا ونشی نے ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں 230 مقامات کی بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹاپ 50 میں جگہ بنالی۔ہرارے میں ہندوستان کی 3-0 سے سیریز جیت کے بعد سوریا ونشی151 رنزکی شاندار کارکردگی کے ساتھ 50.33 کی اوسط سے کیریئر کی بہترین 48 ویں مقام پر پہنچ گئے۔ انہیں سیریز میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی ملا اور ان کے درجہ بندی کے نشانات 536 ہوگئے۔ ٹی ٹوئنٹی کی درجہ بندی میں ہندوستان کے وکٹ کیپر ایشان کشن نے نمبر ایک مقام برقرار رکھا ہے۔ زمبابوے سیریز میں81 رنز کی شاندار اننگزکھیلنے والے کشن کے درجہ بندی کے نشانات 910 ہوگئے ہیں۔ مقابلے کے دوران وہ کیریئر کی بہترین 916 ریٹنگ تک بھی پہنچے، جس نے انہیں ہم وطن ابھیشیک شرما (931) اور انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان (919) کے بعد ہمہ وقت کی بہترین ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ کی درجہ بندی میں تیسرے مقام پر پہنچا دیا۔ ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں تلک ورما 2 مقامات کی بہتری کے ساتھ 6ویں، جبکہ شریاس ایئر7 مقامات آگے بڑھ کر24 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ لیگ اسپنر روی بشنوئی نے بھی زمبابوے سیریز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد 31 مقامات کی چھلانگ لگائی اور ٹی ٹوئنٹی بولروں کی درجہ بندی میں41 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ سیریز میں شکست کے باوجود زمبابوے کے کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں بھی بہتری ہوئی۔ ریان برل 6 مقامات کی بہتری کے ساتھ مشترکہ طور پر 85ویں، جبکہ فاسٹ بولر بلیسنگ موزارابانی 10 مقامات آگے بڑھ کر26 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔50 اوورکی کرکٹ میں گل نے نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کے نمبر ایک مقام سے نیچے آنے کے بعد دوبارہ سرفہرست مقام حاصل کرلیا۔ مچل جنوری سے نمبر ایک پر قابض تھے۔