گنبدان پائیگاہ کامپلکس کے تحفظ کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر

   

امریکی سفیر بیتھ جانس نے پراجکٹ کاآغاز کیا،آغا خاں فاؤنڈیشن کے ذریعہ تزئین نو پراجکٹ کی تکمیل

حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) امریکی انتظامیہ نے پرانے شہر کے سنتوش نگر علاقہ میں واقع پائیگاہ ٹومس کامپلکس کی بحالی و تزئین نو کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ کے سفیر بیتھ جانس نے دیگر سفارتی عہدیداروں کے ساتھ آج گنبدان پائیگاہ کامپلکس کا معائنہ کیا اور پراجکٹ کا اعلان کیا گیا۔ 18 اور 19 ویں صدی کے تاریخی پائیگاہ گنبدان کا تحفظ آغا خاں ٹرسٹ فار کلچر کی جانب سے انجام دیا جائے گا۔ امریکی کونسلیٹ کے تعاون سے آغا خاں ٹرسٹ پراجکٹ پر عمل کرے گا۔ امریکی سفیر کے فنڈ فار کلچرل ریزرویشن کے تحت رقم منظور کی گئی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر جانس نے کہا کہ اگرچہ یہ ان کا پہلا دورہ حیدرآباد ہے لیکن امریکی حکومت کی جانب سے تاریخی مقامات اور عمارتوں کے تحفظ کا پہلا پراجکٹ نہیں ہے۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ اس عظیم تاریخی یادگار کے تحفظ کیلئے تلنگانہ حکومت کے ساتھ اشتراک کررہے ہیں۔ انہوں نے آغا خاں ٹرسٹ فار کلچر سے اظہار تشکر کیا جس کی جانب سے ملک بھر میں تاریخی اور یادگار عمارتوں کے تحفظ کی مساعی کی گئی ہے۔ نئے پراجکٹ کے اعلان کے بعد امریکی سفیر نے گنبدان پائیگاہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ آغا خاں ٹرسٹ فار کلچر کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر رتیش نندا نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ اس موقع پر حیدرآباد میں قونصل جنرل جنیفر لارسن اور دوسرے موجود تھے۔ جنیفر لارسن نے حیدرآباد میں آمد کے بعد پہلے ہفتہ میں گنبدان قطب شاہی کے تزئین نو پراجکٹ کا افتتاح کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے گنبدان قطب شاہی پراجکٹ کے افتتاح کا اعزاز حاصل ہوا۔ آغا خاں ٹرسٹ فار کلچر اور تلنگانہ حکومت کے اشتراک سے ہم منفرد تہذیبی ورثے کا آنے والی نسلوں کیلئے تحفظ کررہے ہیں۔ گنبدان پائیگاہ چارمینار سے 4 کیلو میٹر کے فاصلہ پر سنتوش نگر کے علاقہ میں موجود ہیں اور یہ 200 سال قدیم تاریخ رکھتے ہیں۔ پائیگاہ خاندان کی اس عظیم تاریخی نشانی کے تحفظ میں امریکی نظم و نسق نے دلچسپی دکھائی ہے۔ پائیگاہ سابق ریاست حیدرآباد میں انتہائی بااثر سمجھے جاتے تھے۔ واضح رہے کہ امریکی کونسلیٹ بیگم پیٹ میں واقع پائیگاہ پیالیس میں جسے چیران فورٹ بھی کہا جاتا ہے قائم ہے۔ کونسلیٹ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش اور اوڈیشہ کیلئے خدمات انجام دے رہا ہے۔ یو ایس ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ نے 2001 میں تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے پراجکٹ کا آغاز کیا تھا۔ تاحال دنیا کے 133 ممالک میں 1100 سے زائد پراجکٹس کو مالی امداد دی گئی ہے۔ امریکی سفارت خانہ نے حال ہی میں ہندوستان کے ساتھ اشتراک کے 20 سال کی تکمیل کی ہے۔ امریکی کونسلیٹ کے مطابق گذشتہ دو دہوں کے دوران 23 تاریخی مقامات اور تہذیبی ورثے کے تحفظ کیلئے 2 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی۔ اس تقریب میں وزارت ثقافت و تہذیب کے علاوہ خانگی شعبہ اور سیول سوسائٹی کے نمائندے تقریب میں شریک ہوئے۔ر