گنیش اُتسو سمیتی ارکان نے ٹینک بنڈ کی فینسنگ اکھاڑ دی

   

عدالت کے حکم پرلگائے گئے بیانرس بھی پھاڑ دیئے ، حالات کشیدہ
حیدرآباد 21 ستمبر (سیاست نیوز) حسین ساگر ٹینک بینڈ پر پیر کی دوپہر اُس وقت کشیدگی پھیل گئی جب بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی سے تعلق رکھنے والے افراد نے گنیش وسرجن پر امتناع عائد کرتے ہوئے نصب کئے گئے آہنی فینسنگ کو اُکھاڑ دیا۔ تلنگانہ ہائیکورٹ کی جانب سے ٹینک بینڈ پر گنیش وسرجن پر مکمل امتناع عائد کرنے کے پیش نظر جی ایچ ایم سی اور حیدرآباد پولیس نے ٹینک بینڈ کے اطراف و اکناف فینسنگ نصب کرتے ہوئے فلیکس اور بیانرس بھی چسپاں کئے ہیں اور یہ واضح طور پر بتایا ہے کہ گنیش وسرجن کیلئے اِس مقام پر امتناع عائد ہے لیکن اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ نے پیر کی دوپہر وہاں پہونچ کر آہنی فینسنگ کو اُکھاڑ کر پانی میں پھینک دیا اور امتناع سے متعلق لگائے گئے بیانرس کو بھی پھاڑ دیا۔ اِس واقعہ کے بعد ٹینک بینڈ پر موجود پولیس سکیوریٹی حرکت میں آگئی اور اِس غیر قانونی حرکت میں ملوث افراد کو حراست میں لے لیا۔ بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی سے وابستہ افراد نے جی ایچ ایم سی اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ سمیتی کے جنرل سکریٹری آر ششی دھر نے اِس دوران مطالبہ کیاکہ جی ایچ ایم سی ٹینک بینڈ میں گنیش وسرجن کے لئے اجازت دے۔ عدالت کے احکامات کے پس منظر میں جی ایچ ایم سی اور پولیس کی جانب سے عائد امتناع کی خلاف ورزی کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر گاندھی نگر پولیس نے اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس گاندھی نگر ڈیویژن یادگیری نے بتایا کہ اِس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ اِس حرکت میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔(ب؍V)