گوالیار میں مندر کے قریب ٹرک کی ٹکر‘15 افراد ہلاک

,

   

بھوپال۔18؍اکتوبر ( ایجنسیز )مدھیہ پردیش کے گوالیار میں ’شیتلا ماتا مندر‘ روڈ پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتا ر ٹرک نے سڑک پر موجود عقیدت مندوں کو کچل دیا۔میڈیاکے مطابق اس حادثے میں 15 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 33 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی ہیں۔ حادثے کے بعد آس پاس کے علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔رپورٹس کے مطابق ٹرک کی رفتار کافی تیز تھی اور وہ بے قابو ہو کر مندر کی بیرونی دیوار سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ دیوار گر گئی۔ اس کے بعد ملبے میں 40 سے 50 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حادثہ رات میں تقریباً ایک بجے پیش آیا۔ اس نے کچھ لوگوں کو موقع پر ہی دم توڑتے دیکھا۔ عینی شاہد کے مطابق ٹرک میں گنجائش سے زیادہ سامان لدا ہوا تھا۔ ٹرک اچانک آیا اور کئی دکانوں کے ساتھ وہاں موجود لوگوں کو بھی کچلتا چلا گیا۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ہاسپٹل پہنچایا گیا۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ہاسپٹل کے ڈاکٹر سدھیر سکسینہ کے مطابق ان کے ہاسپٹل میں 13 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسری جانب 4 سے 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیر اعظم نریندرمودی ‘کا نگریس صدر ملکارجن کھرگے‘ راہول گاندھی ‘ پرینکا گاندھی اور دوسروں نے حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مہلوکین کے ورثاء سے دلی تعزیت کی ۔
دیگر پارٹیوں کے قائدین نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔اس حادثہ کے بعد علاقہ میں رنج و غم کا ماحول دیکھا گیا اور امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئیں۔