پاناجی 25 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گوا میں آج مسلسل تیسرے دن بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجہ میں عام زندگی درہم برہم ہوگئی اور بارش میں کمی کے فوری کوئی آثار نظر نہیں آتے ۔ محکمہ موسمیات گوا نیمزید بارش کا انتباہ جاری کرتے ہوئے سیاحوں سے کہا ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں ۔ اس کیع لاوہ مچھیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کی وجہ سے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ ممبئی میں بھی محکمہ موسمیات نے کہا کہ سائیکلون کیار امکان ہے کہ ساحلی مہاراشٹرا میں بھی تیز ہوائیں لے کر آئیگا اور اس کا اثر گوا پر بھی ہوگا ۔ کہا گیا ہے کہ 55-60 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں شروع ہوسکتی ہیں اور یہ 75 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہونچ سکتی ہیں۔ اس کا اثر رتناگیری ‘ سندھو درگ ‘ رائے گڑھ کے علاوہ گوا پر بھی ہوسکتا ہے ۔ کئی سڑکیں بشمول کناکونا کو مارگاوں سے جوڑنے والا ہائی وے بھی زیر آب آگئے ہیں۔ جنوبی گوا میں میں بھی 15 کیلومیٹر طویل سڑک پر پانی جمع ہوگیا ہے ۔ فائر و ایمرجنسی خدمات کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ریاست میں مختلف مقامات سے درختوں کے گرجانے اور پانی جمع ہوجانے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔