گورنر سوندرا راجن نے بارش میں سیلاب کے متاثرین سے ملاقات کی

   

کئی مواضعات کا دورہ، گورنر کے جذبہ خیرسگالی پر عوام کی ستائش
حیدرآباد۔/17 جولائی، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے بھدرادری کتہ گوڑم ضلع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ متاثرہ علاقوں سے دورہ کیلئے گورنر نے اپنے دورہ دہلی کو منسوخ کردیا تھا۔ صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے ملک کے تمام گورنرس کیلئے عشائیہ کا اہتمام کیا لیکن سیلاب کی صورتحال کے باعث گورنر نے رامناتھ کووند سے فون پر بات چیت کی اور شرکت سے معذرت کرلی۔ انہوں نے کل رات حیدرآباد سے ٹرین کے ذریعہ کتہ گوڑم پہنچ کر آج صبح سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے اشوا پورم منڈل کے مختلف دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے پانی میں محصور علاقوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کئی مقامات پر کار سے اُتر کر عوام سے بات چیت کی اور پانی سے ہوئی تباہی کا معائنہ کیا۔ ایک مقام پر گورنر نے پانی سے باہر آنے والی مچھلیوں کو ہاتھوں میں اٹھالیا اور مچھلی فروخت کرنے والے افراد سے بات چیت کی۔ گورنر نے تیقن دیا کہ وہ ان کے مسائل حکومت کے علم میں لائیں گے اور سیلاب سے بچاؤ کیلئے مستقل انتظامات کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے ریلیف کیمپس میں متاثرین سے تلگو زبان میں بات چیت کی۔ گورنر نے ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے متاثرین میں ریلیف میٹریل اور ادویات تقسیم کئے۔ موسمی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ریڈ کراس سوسائٹی نے ادویات کا انتظام کیا جبکہ ٹی ایس آئی سی میڈیکل کالج کے ڈاکٹرس نے طبی امداد فراہم کی۔ گورنر سڑک کے راستے مواضعات پہنچنے پر عوام نے ان کا استقبال کیا۔ گورنر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انہیں دورہ سے حقیقی صورتحال کا علم ہوا ہے۔ گورنر نے ٹوئٹر پر مچھلی ہاتھ میں لے کر اور ایک بزرگ خاتون سے ملاقات کی تصاویر کو شیئر کیا۔ گورنر نے اشوا پورم کے سرپنچ سے مقامی مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ گورنر کے ہمراہ ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر