GHMC ایکٹ 1955 کا خاتمہ ، ایک شہر ایک انتظامیہ ، ایک قانون نیا میونسپل ایکٹ نافذ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کور اربن ریجن کو ایک موثر جدید اور مکمل ڈیجیٹل پر مبنی انتظامی نظام بنانے کی سمت میں حکومت نے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے ۔ گورنر تلنگانہ شیوپرتاپ شکلا نے اسمبلی میںمنظور CURE ACT 2026 پر دستخط کرکے منظوری دے دی ہے ۔ گورنر کے دستخط کے ساتھ ہی دہائیوں پرانا 1955 کا جی ایچ ایم سی ایکٹ اب ختم ہوگیا ۔ اس کی جگہ نیا CURE-2026 ایکٹ نافذ ہوجائے گا ۔ ریاستی حکومت نے اس اہم قانون کو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن دیگر مضافاتی میونسپل کارپوریشنس کے دائرہ کار میں ایک شہر ، ایک انتظامیہ ، ایک قانون کے جامع مقصد کے تحت نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس نئے قانون کی منظوری سے حیدرآباد ڈیزاسسٹر ریسپانس اینڈ اثاثہ جات تحفظ ایجنسی حیڈرا کو باضابطہ قانونی تحفظ خود مختاری اور پہلے سے کہیں زیادہ قانونی اختیارات حاصل ہوگئے ہیں ۔ جس سے جھیلوں ، نالوں اور سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضہ جات کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی راہ ہموار ہوگی ۔ CURE ایکٹ کا بنیادی مقصد کور اربن ریجن کے تحت آنے والی تمام میونسپل کارپوریشنس میں الگ الگ قوانین کے بجائے ایک مربوط اور جدید گورننس سسٹم قائم کرنا ہے ۔ فرسودہ پیچیدہ اور غیر ضروری میونسپل اصولوں کو مکمل طور پر ختم کر کے موجودہ دور کی تکنیکی اور انتظامی ضروریات کے مطابق شفاف تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ تمام میونسپل خدمات ، اجازت ناموں اور شہری سہولیات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمس پر لاکر عوامی جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ عہدیداروں کے مطابق اس نئے ایکٹ کے نفاذ سے حیدرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں کی متوازن ترقی ، ماحولیاتی تحفظ اور تیز رفتار انتظامی خدمات کی فراہمی میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی ۔۔ 2/k/b
نصاب سے متعلق پبلک سرویس کمیشن کی وضاحت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ( ٹی جی پی ایس سی ) نے وضاحت کی کہ اس نے مختلف رکروٹمنٹس کیلئے نصاب پر نظر ثانی کے سلسلہ میں متعدد نمائندگیوں اور انکوائریز کے بعد کوئی سلیبس کمیٹی تشکیل نہیں دی ہے ۔ کل ایک آفیشیل ویب نوٹ میں کمیشن کے سکریٹری نے کہا کہ نصاب میں اگر کوئی بڑی تبدیلیاں کرنا ہو تو ایک سال پہلے سے اس کا آغاز کیا جائیگا ۔ معمولی اپ ڈیٹس کیلئے ، نظر ثانی نصاب کو رکروٹمنٹ اعلامیہ جات کے ساتھ جاری کرنے کو برقرار رکھا جائیگا ۔۔ a/k/b