گورنر کا خطبہ حکومت کی کارکردگی اور تلنگانہ کی ترقی کا آئنہ دار

   

اسمبلی میں تحریک اظہار تشکر مباحث میں محمد فاروق حسین کا خطاب
حیدرآباد۔20جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے صحت عامہ کے شعبہ میں متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ریاستی حکومت تلنگانہ کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ہمہ وقت مصروف ہے۔رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ راشٹر سمیتی جناب محمد فاروق حسین نے گورنر کے خطبہ پر تحریک اظہار تشکر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مشن کاکتیہ ‘ مشن بھگیریتا جیسے منفرد اسکیمات کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے جو کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہورہا ہے۔جناب محمد فاروق حسین نے کہا کہ ریاست میں اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے ریاست میں 204 اقلیتی رہائشی اسکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں ہزاروں طلبہ زیر تعلیم ہیں۔جبکہ ریاست میں غریب عوام کی سہولت کے لئے ڈائیلاسیس مراکز کا قیام عمل میں لاتے ہوئے مفت ڈائیلاسیس کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے اپنے خطاب کے دوران ریاست میں انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں کے علاوہ فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے گورنر کے خطبہ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ گورنر کا خطبہ ریاستی حکومت کی کارکردگی اور تلنگانہ کی مجموعی ترقی کا آئنہ دار ہے۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ ملک بھر میں ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اقلیتی رہائشی اسکولوں کی ستائش کی جا رہی ہے اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اس اسکیم کو دوسری ریاستیں اختیار کرنے کے متعلق غور کررہی ہیں ۔