گورنر کی جانب سے اجمیر شریف میں چادر چڑھائی گئی

   

جے پور ۔ خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے 810 ویں سالانہ عرس کے موقع پر راجستھان کے گورنر کلراج مشرا کی جانب سے درگاہ پر چادر چڑھائی گئی۔ مسٹر مشرا کی جانب سے ریاست کے لوگوں کی صحت، خوشی اور خوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے ملک و دنیا سے آنے والے زائرین کو بھی انہوں نے مبارک باد دی۔ گورنر کے معاون راج رشی ورما نے ہفتہ کی دوپہر ایک بجے اجمیر میں مزار شریف پر گورنر کی جانب سے چادر پیش کی۔ اس دوران گورنر مسٹر مشرا کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ گورنر مسٹر مشرا نے اپنے پیغام میں بتایا کہ یتیموں کی مدد کرنے والے خواجہ معین الدین چشتی (رح) اتحاد اور ہم آہنگی کی علامت ہیں۔ پیغام میں انہوں نے خواجہ معین الدین چشتی (رح) کے امن اور محبت کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کی اپیل کی۔