گولکنڈہ خندق پر قبضہ جات کو برخاست کرنے حیڈرا کا منصوبہ

   

عہدیداروں کی ہدایت کے ساتھ ہی انہدامی کارروائی ممکن ، جی ایچ ایم سی سے حیڈرا کو رپورٹ

حیدرآباد۔14اپریل(سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی راجندر نگر اور چارمینار میں ’حیڈرا‘ کی جانب سے شاستری پورم میں پارک کے لئے مختص اراضیکو حاصل کرتے ہوئے رات دیر گئے کی گئی انہدامی کاروائی کے بعد حلقہ اسمبلی چارمینار کے حدود میں فٹ پاتھ پر کئے گئے قبضہ جات کو برخواست کروانے کے نام رات دیر گئے کی گئی کاروائی کے بعد اب ’حیڈرا‘ اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و دیگر متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے حلقہ اسمبلی کاروان میں تالابوں پر کئے گئے قبضہ جات کے علاوہ گولکنڈہ کی حصار سے متصل خندق پر کئے گئے قبضہ جات اور نالوں میں کی گئی تعمیرات کو برخواست کرنے کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے اور کہا جارہاہے کہ عہدیداروں کی ہدایات کے ساتھ ہی اس کاروائی کو گذشتہ دنوں کے دوران کی گئی کاروائی کی طرح رات کے اندھیرے میں ہی انجام دیا جاسکتا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حلقہ اسمبلی کاروان میں موجود مختلف مقامات پر تالابوں پر کئے گئے قبضہ جات کے علاوہ قلعہ گولکنڈہ کی فصیل سے متصل خندق پر کئے گئے قبضہ جات اور نالوں میں کی گئی تعمیرات کی نشاندہی کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے ’حیڈرا‘ کے اعلیٰ عہدیدارو ںکو پیش کردی ہے اور ساتھ میں اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ان قبضہ جات کو برخواست کرنے کے لئے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اسی لئے کسی بھی طرح کی کاروائی سے قبل منتخبہ عوامی نمائندوں کو ’حیڈرا‘ کی ان کاروائیوں سے مطلع کرتے ہوئے ان کی مدد حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے مذکورہ قبضہ جات کی برخواستگی کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کی نوٹسوں کی اجرائی یا قانونی کاروائی کا موقع فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا اورکاروائی سے متعلق منتخبہ نمائندوں کو اعتماد میں لینے کے سلسلہ میں غور کرنے کے اشارے دیئے ہیں لیکن اس بات کی توثیق نہیں کی گئی کہ کاروائی سے قبل منتخبہ عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی کاروائی کی جائے گی۔ i/k/3