گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی پر تعمیرات پر دائمی پابندی

,

   

وزیر داخلہ تلنگانہ جناب محمد محمود علی کی خصوصی دلچسپی پر اراضی کا تحفظ ، بابا فصیح الدین کا بیان

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی کے تحفظ کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے اور اس اراضی پر تعمیرات کی اجازت پر دائمی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ یہ بات ڈپٹی مئیر مسٹر بابا فصیح الدین نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ناجائز قابضین نے کروڑہا روپئے مالیتی اس اوقافی جائیداد پر دوبارہ قبضہ کی کوشش کی تھی ۔ جس کو وزیر داخلہ تلنگانہ محمود علی کی بروقت چوکسی اور اقدامات کی ہدایت پر ناکام بنادیا گیا اور اس اراضی پر تعمیراتی اجازت پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ بابا فصیح الدین نے کہا کہ گٹلہ بیگم پیٹ اراضی کو ناجائز قابضین سے پاک کرنے کے لیے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چونکہ اس اراضی کو بچانے اور اس کے تحفظ میں وزیر داخلہ بہت زیادہ سنجیدہ ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بلدی حکام کی کارروائی کے اقدامات کے متعلق وزیر داخلہ آئے دن دریافت کرتے رہتے ہیں اور انہوں نے خصوصی ہدایت دی ہے کہ کسی بھی حال اس قیمتی اوقافی جائیداد کے تحفظ کے لیے ناگزیر اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ ڈپٹی مئیر نے بتایا کہ سابق مسجد کمیٹی کے اراکین نے ان سے ملاقات کی تھی اور ناجائز قبضوں کے متعلق ایک شکایت پیش کی اور وزیر داخلہ نے دوبارہ ناجائز قبضوں کی کوششوں کو فوری ناکام بنانے کا حکم دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ناجائز قابضین کے حوصلے بلند ہوگئے تھے اب جب کہ پولیس نے بھی فوری پھرتی سے کام کیا ہے ۔ اس ضمن میں بلدیہ کو قبضوں کی برخاستگی میں آسانی ہوئی ہے اور راتوں رات گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی پر تعمیر کئے گئے بڑے شیڈ کو برخاست کردیا گیا اور اس وقت وزیر داخلہ کو مکمل رپورٹ یپش کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں اس طرح تیزی سے انہدامی کارروائی کے اقدامات ممکن نہیں تھے چونکہ پولیس کا اس طرح تعاون حاصل نہیں ہوتا تھا ۔ جس طرح موجودہ دور میں ہورہا ہے ۔ ڈپٹی مئیر نے بتایا کہ راتوں رات 2 تا 3 گھنٹے کی کارروائی میں تمام تازہ ناجائز قبضوں کو برخاست کردیا گیا ۔ بابا فصیح الدین نے بتایا کہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اوقافی اراضی کا تحفظ ٹی آر ایس حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے چونکہ تقریبا 10 سال قبل اس اراضی کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دورہ کیا تھا ۔ اس وقت موجودہ اور سابق وزراء داخلہ بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر اس اراضی کے متعلق تفصیلات بتائی گئی تھیں اور دورہ کروایا گیا تھا ۔ اس وقت سی ایم کے سی آر نے اس اراضی پر توقف کیا تھا اور اپنی اولین ترجیحات میں اس اراضی کے تحفط کو شامل کرلیا تھا ۔ ڈپٹی مئیر نے کہا کہ آئندہ گٹلہ بیگم پیٹ اراضی کو کسی بھی قسم کے ناجائز قبضوں سے بچانے کے لیے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔