گھنے کہر کے باعث ٹرین اور ہوائی خدمات متاثر

   

نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں شدید سردی جاری ہے جس کی وجہ سے جمعہ کی صبح یہاں ٹرین کی آمدورفت اور ہوائی ٹریفک متاثر ہوا۔ریلوے ذرائع نے بتایا کہ کہر اور حد بصارت میں کمی کی وجہ سے دہلی آنے والی 20 سے زیادہ ٹرینیں چھ گھنٹے یا اس سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔ کم از کم سات ٹرینوں کے دو سے تین گھنٹے تاخیر سے پہنچنے کا امکان ہے ۔گھنے کہر اور حدبصارت کم ہونے کی وجہ سے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کئی پروازیں متاثڑ ہوئیں۔ کئی مسافروں نے دہلی ہوائی اڈے پر پروازوں کی تاخیر سے پہنچنے کی شکایت کی۔ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق، آج صبح 5.30 بجے حد بصارت 50 میٹر سے کم ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب، مغربی راجستھان، ہریانہ، دہلی، تریپورہ، اتراکھنڈ، مشرقی اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مشرقی راجستھان کے کچھ حصوں میں بھی یہی صورتحال تھی۔ شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں کم سے کم درجہ حرارت 3-6 ڈگری سیلسیس تھا۔ قومی راجدھانی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 7.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ اسی طرح کے حالات 25 جنوری تک برقرار رہنے کا امکان ہے ۔