اے ایس آئی کی عدالت سے درخواست ، 8 ستمبر کواگلی سماعت
وارانسی :آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے ہفتہ کے روز گیان واپی احاطہ کے سروے اور اس کی رپورٹ داخل کرنے کے لیے 8 ہفتوں کا وقت طلب کیا ہے۔ اے ایس آئی کی اس درخواست پر اب اگلی سماعت 8 ستمبر کو ہوگی۔ اب سبھی کی نگاہیں عدالت پر مرکوز ہیں کہ کیا سروے رپورٹ پیش کرنے کے لیے مدت کار بڑھانے کی درخواست قبول ہوگی یا نہیں۔اے ایس آئی کی طرف سے حکومت ہند کے اسٹینڈنگ کونسل امیت شریواستو نے عرضی گزار کے وکیل سبھاش نندن چترویدی اور پیروکار سوہن لال آریہ کے ساتھ اے ڈی جے اوّل سنجیو سنہا کی عدالت میں درخواست داخل کی۔ ایک وکیل کے انتقال کے سبب عدالت نے اس پر سماعت کے لیے 4 ستمبر کی تاریخ مقرر کی۔ ضلع جج کی عدالت نے سیل وضو خانہ کو چھوڑ کر گیان واپی احاطہ کا سروے کرنے اور اس کی رپورٹ 2 ستمبر تک جمع کرنے کا حکم دیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ اے ایس آئی کی ٹیم 4 اگست سے ہی سروے کر رہی ہے اور اس میں جی پی آر تکنیک کا سہارا بھی لیا گیا ہے۔ گیان واپی میں سروے کا کام جاری ہے، اس لیے رپورٹ آج عدالت میں داخل کیے جانے کی امید کم ہی تھی۔ اب اے ایس آئی کی درخواست کی بنیاد پر عدالت آگے کا کوئی فیصلہ لے گی۔