وارانسی: وارانسی ڈسٹرکٹ کورٹ نے آج گیانواپی مسجد کمپلیکس کی سروے رپورٹ تمام فریقین کو سونپنے کا حکم دیا۔ ہندو فریق کے وکیل مدن موہن یادو نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جج اے کے وشویش نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ گیانواپی کمپلیکس کی سروے رپورٹ تمام فریقوں کو سونپی جائے۔ اس دوران مسلم فریق نے ڈسٹرکٹ جج کے سامنے مطالبہ کیا کہ سروے کی رپورٹ صرف فریقین کے پاس رہے اور اسے عام نہ کیا جائے۔اس پر ڈسٹرکٹ جج نے کہا کہ تمام فریقین عدالت سے سروے رپورٹ حاصل کریں ۔ یادو نے کہا کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے گیانواپی کمپلیکس کی سروے رپورٹ آج سیول جج سینئر ڈویڑن پرشانت سنگھ کی عدالت میں داخل کی، جس کے بعد ضلع جج نے گیانواپی کمپلیکس کی سروے رپورٹ سونپ دی۔ گزشتہ سال ضلعی عدالت کے 21 جولائی کے حکم کے بعد اے ایس آئی نے سائنسی سروے کیا تھا، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ مسجد کسی ہندو مندر کے پہلے سے موجود ڈھانچے پر بنائی گئی تھی یا نہیں۔