حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر اینمل ہسبنڈری وی سری ہری اور وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ تحفظات پر ہائی کورٹ فیصلہ سے پسماندہ طبقات کو مایوسی کی ضرورت نہیں ہے۔ ہائی کورٹ میں سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزراء نے کہا کہ حکومت نے تحفظات کیلئے مضبوط دلائل پیش کئے اور سپریم کورٹ کے وکلاء نے فیصلہ کو درست قرار دینے دستوری اور قانونی اختیارات کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو تحفظات سے محروم کرنے بعض طاقتیں سرگرم ہیں اور تلنگانہ عوام کو ان طاقتوں کو پہچاننا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کی فراہمی میں حکومت کی سنجیدگی پر سوال نہیں کیا جاسکتا۔ وزراء نے کہا کہ حکومت نے طبقاتی سروے کے اعداد و شمار کی بنیاد پر 42 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا اور ہائی کورٹ کے حکم التواء سے بی سی طبقات مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تحفظات کی فراہمی کے عہد کی پابند ہے۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کی کاپی ملنے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی قانونی ماہرین سے مشاورت کرکے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے پر فیصلہ کریں گے ۔1