ہائی کورٹ کی نئی عمارت کا آئندہ ماہ سنگ بنیاد

   

راجندر نگر میں 100 ایکر اراضی مختص، ریاستی وزراء اور
ہائی کورٹ کے ججس نے اراضی کا معائنہ کیا
حیدرآباد۔/24 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے آج راجندر نگر منڈل میں حکومت کی جانب سے الاٹ کردہ 100 ایکر اراضی کا معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو، ہائی کورٹ کے ججس جسٹس ابھینند کمار شاولی، جسٹس ٹی ونود کمار، جسٹس لکشمن اور جسٹس وجئے سینا ریڈی موجود تھے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے ہائی کورٹ کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی پر توجہ نہیں دی۔ عوام کو موثر انداز میں انصاف فراہم کرنے والے اداروں کی مدد حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اندراماں راج میں حکومت نے عصری سہولتوں کے ساتھ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ جنوری میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر ہائی کورٹ ججس اور وکلاء کیلئے سہولتوں کے عین مطابق تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ اراضی معائنہ کے وقت پرنسپل سکریٹری ریوینیو نوین متل، سکریٹری پنچایت راج ایم رگھونندن راؤ، سکریٹری قانون آر تروپتی، کلکٹر رنگاریڈی بھارتی ہولیکری اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حال ہی میں چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ الوک ارادھے سے ملاقات کے موقع پر راجندر نگر میں ہائی کورٹ کی نئی عمارت کیلئے 100 ایکر اراضی مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔ر