ہتک عزت مقدمہ میں ریاستی وزیر کونڈہ سریکھا کو نامپلی کورٹ کی نوٹس

   

فلم اسٹار ناگرجنا کی درخواست پر کارروائی، 23 اکٹوبر کو آئندہ سماعت
حیدرآباد 12 اکٹوبر (سیاست نیوز) نامپلی کی مقامی عدالت نے وزیر جنگلات کونڈہ سریکھا کو نوٹس جاری کی ہے۔ فلم اسٹار ناگرجنا نے کونڈہ سریکھا کے خلاف ہتک عزت کا جو مقدمہ دائر کیا تھا، اُس کی آج دوسری سماعت تھی۔ ناگرجنا اور 3 دیگر گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔ نامپلی کورٹ نے ریاستی وزیر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت 23 اکٹوبر کو مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ کونڈہ سریکھا نے ناگرجنا کے فرزند ناگا چیتنیا اور ہیروئن سمنتا کے درمیان طلاق کے لئے کے ٹی آر کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔ ریاستی وزیر نے اپنا بیان واپس لیتے ہوئے معذرت خواہی کی لیکن فلم اسٹار ناگرجنا نے اُن کے خاندان کی توہین کا الزام عائد کرتے ہوئے نامپلی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ ہتک عزت کے اِس معاملہ میں عدالت نے ناگرجنا کا بیان پہلے ہی ریکارڈ کیا ہے۔ دیگر 3 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے گئے اور کونڈہ سریکھا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی گئی۔ نامپلی اسپیشل مجسٹریٹ نے گواہوں کی سماعت کے بعد ریاستی وزیر کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔ ناگرجنا نے اپنے بیان میں کہاکہ فلمی دنیا میں اُن کے خاندان نے کافی نام کمایا ہے۔ ملک بھر میں میرے خاندان کو قدر و منزلت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ ہمیں کئی قومی ایوارڈس حاصل ہوئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کونڈہ سریکھا نے اُن کے فرزند کا حوالہ دیتے ہوئے انتہائی توہین آمیز بیان دیا ہے جو سیاسی مقصد براری کے تحت دیا گیا۔ بیان کی تمام ٹیلی ویژن چیانلس کے علاوہ سوشل میڈیا میں بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی جس کے نتیجہ میں افراد خاندان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ ناگرجنا کے بیان کے بعد پہلے گواہ سپریا نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی وزیر نے کے ٹی آر سے سیاسی انتقام کے جذبہ کے تحت بیان دیتے ہوئے ناگرجنا فیملی کی توہین کی ہے۔ 1