ہربھجن سنگھ ہر طرز کی کرکٹ سے سبکدوش

   

نئی دہلی۔ تجربہ کار ہندوستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے جمعہ کو تمام طرزکی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ۔41 سالہ اسپنر نے 103 ٹسٹ، 236 ونڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 417، 269 اور 25 وکٹیں حاصل کیں اور وہ بیٹنگ کے ساتھ بھی مددگار ثابت ہوئے، انہوں نے دو سنچریوں اور نو نصف سنچریوں کے ساتھ 3,569 رنز بنائے۔ہربھجن جو ٹسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے ہندوستانی بنے جب انہوں نے 2001 میں ایڈن گارڈنز میں آسٹریلیا کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا ۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی سبکدوشی کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام اچھی چیزیں ختم ہو جاتی ہیں اور آج جب میں اس کھیل کو الوداع کہہ رہا ہوں جس نے مجھے زندگی میں سب کچھ دیا ہے، میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے اس 23 سالہ طویل سفرکو خوبصورت اور یادگار بنایا۔ میرا تہہ دل سے شکریہ، شکرگزارہوں ۔جالندھر کی گلیوں سے ہندوستانی ٹیم کے لئے ٹرنابیٹر بننے کا میرا سفر بہت خوبصورت رہا ہے۔ ہربھجن نے اپنے یوٹیوب چینل پرکہا کہ میرے لیے زندگی میں ہندوستان کی جرسی پہن کر میدان میں اترنے سے بڑاکوئی اعزاز نہیں ہے۔ 41 سالہ کھلاڑی 2007 میں ہندوستان کی تاریخی ٹی20 ورلڈ کپ اور 2011 میں ونڈے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ لیجنڈری آف اسپنر نے آخری بار ہندوستان کے لیے 03 مارچ 2016 کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلا تھا۔