بھیوانی، 14مئی (یو این آئی) ہریانہ اسکول ایجوکیشن بورڈ کی طرف سے منگل کو اعلان کردہ 12ویں جماعت کے نتائج میں ریاست کے 18 اسکولوں کا نتیجہ صفر رہا ہے ، یعنی ان اسکولوں میں ایک بھی طالب علم پاس نہیں ہوا۔تعلیمی بورڈ کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق کل 85.66 فیصد طلباء پاس ہوئے ہیں لیکن آج جاری ہونے والی ضلع وار فہرست سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ اسکول ایسے ہیں جن کا نتیجہ صفر ہے ، جب کہ بہت سے اسکول ایسے ہیں جنہوں نے 35 فیصد کا ہندسہ بھی عبور نہیں کیا۔بورڈ نے ایسے 100 اسکولوں کی فہرست ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو بھیجی ہے جن کے نتائج 35 فیصد بھی نہیں ہیں۔ تعلیمی بورڈ کی طرف سے ڈائریکٹوریٹ کو بھیجی گئی فہرست میں ریاست کے 18 اسکول ایسے ہیں جن کا نتیجہ صفر ہے۔