ہریانہ سے دہلی آرہا ہے پرالی کا دھواں:عآپ

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے لئے ہریانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سونی پت، پانی پت اور روہتک میں پرالی جلانے کا دھواں دہلی آ رہا ہے ۔پارٹی کی چیف ترجمان پرینکا ککڑ نے فضائی آلودگی کے مسئلہ پر آج کہا کہ اروند کجریوال ملک کے واحد لیڈر ہیں جو آلودگی کے خلاف مسلسل مختصر اور طویل مدتی اقدامات کرتے ہیں اور ان پر عمل درآمد کرواتے ہیں۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اس بار دہلی میں آلودگی میں 31فیصد کمی آئی ہے ۔ مرکزی حکومت کو پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے اپنے اقتصادی سروے 2022-23 میں بھی تسلیم کرنا پڑا کہ اس بار دہلی میں گزشتہ 8سالوں میں سب سے بہتر ہوا کا معیار تھا۔ کاکڑ نے کہا کہ اے کیو ایم کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہیکہ پنجاب میں اس سال گزشتہ سال کے مقابلے میں 50تا67فیصد کم پرالی جلائی گئی ہے۔ اس وقت پنجاب میں جلنے والی پرالی دہلی سے تقریباً 500کلومیٹر دور ہے اور ہریانہ میں جلنے والی پرالی 100 کلومیٹر دور ہے ۔ ہریانہ دہلی کے قریب ہے ۔ اس بات کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ کھٹر حکومت نے 2014سے ہریانہ میں آلودگی کے حوالے سے کیا اقدامات کیے؟ اعدادوشمار کے برخلاف دہلی میں اس وقت شدید آلودگی ہے اور عوام کو سانس لینے میں دشواری محسوس ہورہی ہے۔ دہلی حکومت نے اسکولوں کو 10 نومبر تک چھٹی دے دی ہے جبکہ موٹرگاڑیوں پر بھی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔