ہریانہ کے گرو گرام میں انتخابی مہم کیلئے رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی کوآرڈینیٹر مقرر

   

حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے ہریانہ، مہاراشٹرا، جموں کشمیر اور جھارکھنڈ کے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی الیکشن کوآرڈینیٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال نے الیکشن کوآرڈینیٹرس کو ضروری ہدایات دی۔ ہریانہ الیکشن کیلئے بھونگیر لوک سبھا حلقہ کے رکن سی ایچ کرن کمار ریڈی اجلاس میں شریک تھے۔ چار ریاستوں کے اسمبلی چناؤ کیلئے پارٹی کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اے آئی سی سی کی ہدایت پر کرن کمار ریڈی ہریانہ کے گروگرام پہنچے اور مقامی کانگریس قائدین سے ملاقات کی۔ انہوں نے بدھا پور اسمبلی حلقہ کے کانگریس امیدوار کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں آئندہ بیس دن تک کانگریس کی انتخابی مہم میں کئی اہم قائدین شرکت کریں گے۔ مقامی قائدین سے تال میل کے ذریعہ رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی انتخابی مہم کے پروگراموں کو قطعیت دیں گے۔1