ہریتا ہرم کے دوران 50 لاکھ پودے لگائے جائیں گے

   

جی ایچ ایم سی حدود میں مقامات کی نشاندہی : لوکیش کمار کا بیان
حیدرآباد۔15جون(سیاست نیوز) شہر میں ہریتا ہرم پروگرام کے دوران50لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ بلدی حدود میں 50 لاکھ پودے لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے ہریتا ہرم پروگرام کے دوران اس نشانہ کی تکمیل کیلئے جی ایچ ایم سی حدود میں مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے ۔مسٹر لوکیش کمار کے مطابق شہر کے نواحی علاقوں میں موجود بلدیہ کی اراضیات پر شہری جنگلات کے فروغ کی منصوبہ بندی بھی جا رہی ہے تاکہ شہر کوں ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنایا جاسکے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے پروگرام کے دوران سرکاری نرسریوں میں موجود پودے لگانے کی مہم میں حصہ لینے کو لازمی قراردیا ہے ۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں گذشتہ برس بھی ہریتا ہرم پروگرام کے دوران نشانہ کی تکمیل کو یقینی بنایا گیا تھا اور اس سال بھی 50لاکھ پودے لگانے کے نشانہ کو مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ریاست میں مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کی جانب سے سالانہ ہریتا ہرم پروگرام کے انعقاد کے ذریعہ پودے لگانے کی مہم چلائی جا رہی ہے اور حکومت کی جانب سے گذشتہ برسوں کے دوران لگائے گئے پودوں کی موجودگی کے سلسلہ میں بھی رپورٹ وصول کی جا رہی ہے۔مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ تمام زونس کے عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ال گذشتہ کے دوران جن مقامات پر دے لگائے گئے تھے ان مقاما ت پر پودوں کی موجودگی کی تفصیلات بھی تیار کریں تاکہ شہر میں ہریتا ہرم پروگرامن کے نتائج کے متعلق مکمل تفصیلات موجود رہیں اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کو مزید بہتر بنایاجاسکے۔