حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج معاشی صورتحال پر مباحث کے دوران اپوزیشن کی جانب سے بحث کا آغاز کرتے ہوئے بی آر ایس رکن ہریش راؤ ایوان پر چھائے رہے۔ تلنگانہ میں حکومت کی تبدیلی اور بی آر ایس کے اپوزیشن میں آنے کے بعد پہلی مرتبہ کسی بحث میں بی آر ایس نے حصہ لیا۔ ہریش راؤ نے بحث کا آغاز کیا اور ان کی تقریر کے دوران تقریباً 6 وزراء نے وقتاً فوقتاً مداخلت کرتے ہوئے تسلسل توڑنے کی کوشش کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو، پونم پربھاکر، اتم کمار ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ اور کونڈہ سریکھا نے مختلف مواقع پر تقریر کے دوران مداخلت کی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ایک رکن سے مقابلہ کیلئے چھ وزراء وقفہ وقفہ سے میدان میں آرہے ہیں جس پر حکومت کا کہنا تھا کہ حقائق سے بعید معلومات کے سبب وزراء کو مداخلت کرنی پڑی۔ر