ہلدوانی تشدد: مسلم خاندان نے7 پولیس ملازمین کی جان بچائی

   

ہلدوانی: اتراکھنڈ کے نینی تال ضلع کے ہلدوانی میں انہدامی کارروائی کیلئے گئی ٹیم پر اچانک پتھراؤ اور فائرنگ کے واقعے نے تشدد کی شکل اختیار کر لی۔ اس دوران ایک مسلمان خاندان نے 7 پولیس والوں کی جان بچائی۔ جمعرات کو شرپسندوں نے ونبھول پورہ تھانہ علاقہ میں سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا۔ اس دوران ایک خاندان نے نماز چھوڑ کر پولیس اہلکاروں کی جان بچائیاور اس دوران پورے خاندان کی شرپسندوں سے جھڑپ بھی ہوگئی۔ موقع پر پہنچنے والی ریسکیو ٹیم نے پولیس اہلکاروں کو بحفاظت باہر نکالا اور لواحقین کو بھی سیکورٹی فراہم کی۔ علاقے کی 17 سے زیادہ گلیوں میں سیکورٹی فورسز پر پتھراو ہوئے۔ اس دوران تقریباً 7 پولس اہلکار بچتے ہوئے گوپال مندر کے آس پاس پہنچے اور محفوظ جگہ کی تلاش کرنے لگے۔اسی دوران ایک بچے نے ایک گھر کی کھڑکی سے باہر پولیس والوں کو دیکھا اور گھر والوں کو بتایا۔ اس کے بعد گھر کے ایک فرد نے دروازہ کھولا اور پھر سبھی پولیس اہلکاروں کو گھر کے اندر بلا لیا۔ پولیس اہلکار تقریباً چار گھنٹے تک اس گھر میں رہے۔ اس دوران جب شرپسندوں کو گھر میں پولیس اہلکاروں کی موجودگی کا علم ہوا تو وہ گھر میں گھس گئے۔ مگر انہوں نیکچھ نہیں بتایا۔ تب تک ریسکیو ٹیم پہنچ گئی اور پولیس اہلکاروں کو بحفاظت نکالا۔مسلم خاندان کا یہ اقدام شر پسندوں اور فرقہ پرستوں کے منہ پر طمانچہ سے کم نہیں جو دونوں فرقوں میں تشدد کو ہوا دینے کی کوشش کرتے ہیں ۔

ادھر اتراکھنڈ کے اے ڈی جی اے پی نے ہلدوانی تشدد کے بارے میں کہا کہ ہلدوانی کے بیرونی حصوں سے کرفیو ہٹا دیا گیا ہے۔ علاقے میں حالات معمول پر ہیں۔ تشدد کے معاملے میں 5 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ باقی افراد کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے مدد لی جا رہی ہے۔