ہلدی ایک عام غذا نہیں بلکہ خاص نعمت

   

حیدرآباد ۔ ہمارے کچن کے اپنے مصالحے اور جڑی بوٹیاں ہیں جو صرف کھانوں کا مزہ دوبالا نہیں کرتے بلکہ ان کے کئی طبی فوائد بھی ہیں۔ ایسا ہی ایک اجزاء ’ہلدی‘ ہے ، خاص طور سے ہلدی دودھ جسے زرد مشروب بھی کہا جاتا ہے، اس مشروب کے متعدد فوائد ہیں اور اسے متعدد طبی امراض بالخصوص ورم اور جوڑوں کی تکلیف میں گھریلو ٹوٹکے کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ چاہیں تو کچی ہلدی کا استعمال کریں یا پھر ہلدی پاؤڈرکا، دونوں ہی اینٹی آکسیڈنٹس، اینٹی وائرل، اینٹی بیکٹیریل، اینٹی فنگل، اینٹی کارسنجینک، اینٹی میوٹیجینک اور اینٹی انفلامیٹری ہیں لیکن کچی ہلدی تمام ملاوٹ کے شک و شبہہ سے پاک اور خالص ہوتی ہے اس لئے اس کا استعمال بہتر ہے۔
ورم اور سوزش کو کم کرتی ہے: ہلدی کے کئی طبی فوائد میں سے ایک ورم یا سوزش کو کم کرنا ہے۔ ہلدی میں کرکومین نامی ایک مرکب ہوتا ہے جو ورم یا سوزش کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ دائمی ورم دائمی امراض بشمول کینسر، میٹابولک سینڈروم، الزائمر اور امراض قلب میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ورم یا سوزش کو کم کرنے والے مرکبات سے بھرپور غذاؤں سے ان امراض کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔