ہمارے نزدیک عازمین حج کی قدر ومنزلت ہے اور ان کے مفاد کے ساتھ کسی قسم کی بے قاعدگی ہم برداشت نہیں کریں گے : مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی 

,

   

نئی دہلی : مرکزی وزیربرائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج حج ڈیویژن وزارت کے نئے دفتر کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانگی ٹور س آپریٹرس کے خلاف مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔۲۰؍ جنوری آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے اور اس میں کسی قسم کی کوئی توسیع نہیں کی جائے گی ۔

اور اگر اس تاریخ تک خانگی ٹورس کی جانب سے درخواستیں داخل نہیں کی گئیں تو جو نشستیں باقی ہیں وہ سب حج کمیٹی کے سپرد کردی جائے گی ۔جس سے ویٹنگ لسٹ کے عازمین حج کو فائدہ ہوگا ۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ اس مرتبہ ۲؍ لاکھ ۶۷؍ ہزار ۲۵۳ عازمین حج نے درخواستیں دی ہیں جبکہ انڈیا کے حج کوٹہ میں صرف ایک لاکھ ۲۵؍ہزار نشستیں ہیں ۔ اسی طرح خانگی ٹورس آپریٹرس کا کوٹہ پہلے ۴۵؍ہزار تھا مگر اسے بڑھاکر ۵۰؍ہزار کردیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ملک بھرمیں تقریبا چھ سو خانگی ٹورس ہیں جو اپنے طور پر عازمین حج کو حج کیلئے لیجاتے ہیں ۔

مسٹر عباس نقو ی نے کہا کہ یہ اطلاعات موصول ہوئی کہ کئی خانگی ٹورس و ٹراویلس مافیا گری کرتے ہیں او روزارت پر طرح طرح کا دباؤ ڈالتے ہیں ایسے ٹورس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے حج کمیٹی کے عہدیداران کو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کہیں بھی کوئی بے قاعدگی نہیں ہونی چاہئے ۔ پوری ایمانداری او رشفافیت کے ساتھ کام کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق جسطرح پچھلے سال دو خانگی ٹورس کو بلیک لسٹ میں شامل کیاگیا اسی طرح اس مرتبہ بھی کئی خانگی ٹورس ایجنسیوں کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اگر عازمین حج سے کوئی غیر ضروری طورپر اضافی رقم وصول کرے گا یا انہیں پریشان کرنے کی کوشش کرے گا ا سکے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک عازمین حج کی قدر ومنزلت ہے اور ان کے مفاد کے ساتھ کسی قسم کی بے قاعدگی ہم برداشت نہیں کریں گے ۔