ہم جنس پرستوں کی آڑ میں لوٹنے والی ٹولی بے نقاب

   

چھ افراد گرفتار، کیسرا پولیس کی کارروائی، مزید تحقیقات جاری
حیدرآباد ۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) کیسرا پولیس نے ایک ایسی ٹولی کو بے نقاب کیا جو ہم جنس پرستوں کی آڑ میں لوٹ مچارہی تھی۔ جینڈر اپلیکشن ایپ (گے ایپ) کے ذریعہ دوستی کے بعد ہم جنس پرستوں کو لوٹا جارہا تھا۔ ایک شخص کی شکایت کے بعد کیسرا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کرلیا جو تمام ورنگل سے تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس نے کارروائی میں 25 سالہ کسما کارتک، 28 سالہ رام راجا، 26 سالہ کے سائی تیجا، 26 سالہ جی شراون، 25 سالہ ایم پون کلیان اور 25 سالہ سی پون کلیان شامل ہیں جبکہ ببلو سنگھ مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ سات رکنی ٹولی کی جانب سے پہلے گے ایپ کے ذریعہ دوستی کی جاتی تھی اور ہم جنس پرست کو اپنے بھروسہ میں لینے اور خواہش کی تکمیل کا یقین دلانے کے بعد اس سے ملاقات کا وقت مقرر کیا جاتا تھا اور جیسے ہی ملاقات کیلئے کوئی خواہش کرتا تو اس کو کار میں سوار کرنے ایک انجان مقام کی طرف سفر شروع کیا جاتا۔ اکثر اوٹر رنگ روڈ پر سفر کیا کرتے تھے اور درمیان میں گاڑی روک کر مزید افراد سوار ہوتے تھے جو ان کے منصوبہ کا حصہ ہوا کرتا ہے۔ گاڑی میں متاثرہ شخص سے رقم، سیل فون اور زیورات کو لوٹنے کے بعد اس کو دھمکانے کی خاطر اس کی ویڈیو بھی تیار کرلی جاتی تھی۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 15 گرام سونا، ایک کار، ایک اسکوٹی اور 6 موبائل فون کو ضبط کرلیا۔ اس ٹولی میں ملزم نمبر ایک چار ملزم نمبر 2 ایک ملزم نمبر چار 6 اور ملزم نمبر 6 دو وارداتوں میں ملوث بتائے گئے ہیں۔ع H/