ہم خود دہشت گردی کاشکار ہیں ، مرتکب نہیں: بلاول

   

نیویارک : پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول پر حملے کی آٹھویں برسی کے موقع پر دنیا کے کئی ملک، متاثرہ خاندانوں اور پاکستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں تاہم آج کے دن یہ بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم دہشت گردی کے شکار افراد میں ہیں، ارتکاب کرنے والوں میں نہیں۔ وزیرخارجہ نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کی جانب سے اے پی ایس میں مارے جانے والے افراد کی یاد میں منعقدہ تقریب کے بعد وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس تقریب میں شرکت کرنے والے مختلف ملکوں کے نمائندوں کی طرف سے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ہم نے پاکستان کے اندر دہشت گردی سے متاثرہ افراد کی آواز یہاں پہنچائی ہے۔ ان تمام ملکوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے آج کے دن ہمارے ساتھ، دہشت گردی کے متاثرین اور پاکستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہ ا،بہت ضروری ہے کہ ہم دشتگردی کے شکار افراد کے ساتھ صرف اظہار یکجہتی ہی نہ کریں بلکہ یہ بھی یاد رکھیں کہ ہم کون ہیں۔ ہم دہشت گردی کا شکار ہیں، دہشت گردی کے مرتکب نہیں۔ وائس آف امریکہ کی ندا سمیر نے ان سیسوال کیا کہ اے پی ایس میں مارے جانے والے طالب علموں اور اساتذہ کے ورثا اس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے آئے ہیں کہ حملے کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا اور نیشنل ایکشن پلان میں جو لائحہ عمل بنایا گیا تھا اس پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔