ہم خون دینے تیار ہیں آپ کسانوں کو پانی دیں

   

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کی سخت تنقید
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کسانوں کیلئے پانی مانگنے پر بی آر ایس قائدین کا خون بہانے کی بات کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ چیف منسٹر کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرکے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بی آر ایس نے کسانوں کو پانی کی سربراہی کا مطالبہ کیا اور کالیشورم بیاریجس سے پانی خارج کرنے کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی دی۔ کانگریس دور حکومت میں انکاؤنٹر کے نام پر بے قصور نوجوانوں کو ہلاک کیا گیا۔ 1995 میں کانگریس نے 7 نوجوانوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ 1969 کی تلنگانہ تحریک میں 369 نوجوانوں کی قربانی لی گئی۔ کانگریس پارٹی نوجوانوں کا خون بہانے کی تاریخ رکھتی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس نے قربانیوں کے ذریعہ علیحدہ تلنگانہ حاصل کیا اور کسانوں کیلئے اپنا خون بہانے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ریونت ریڈی کو زیب نہیں دیتا کہ وہ خون بہانے کی بات کریں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آپ کو جتنے خون کی ضرورت ہے ہم دینے تیار ہیں لیکن کسانوں کو پانی سے محروم نہ کریں۔ زرعی شعبہ کو نقصانات سے بچانے پانی کی سربراہی کا کے ٹی آر نے مطالبہ کیا۔ 1؍F