ہم محبوب نگر کو ترقی کے ساتھ اگلی سطح پر لے جائیں گے

   

ینم سرینواس ریڈی
محبوب نگر۔13 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گورنمنٹ وہپ سری ینم سرینواس ریڈی نے کہا کہ محبوب نگر شہر کو جامع ترقی کے ساتھ اگلے درجے پر لے جانے کے مقصد سے بہت سے ترقیاتی پروگراموں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نو تعمیر شدہ موڈا چلڈرن پارک کا افتتاح کیا جو کہ کافی خطیر رقم سے تعمیر کیا گیا ہے۔ محبوب نگر شہر کے اینوگنڈہ 6 ڈیویژن میں رامدوتھا کالونی میں موڈا فنڈز سے 25 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کالونی میں ایک پارک بنایا جا رہا ہے اور ان پارکوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ صبح و شام بچوں، خواتین اور بزرگوں کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ممکن ہو خواتین کے لیے اوپن جم بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کو میونسپلٹی سے میونسپل کارپوریشن میں تبدیل کرنے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھاری فنڈس کی منظوری دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان فنڈز سے زیر زمین نکاسی آب، سی سی روڈ، کمیونٹی ہال، ہر کالونی میں پارکس جیسے بہت سے کام کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے 220 کروڑ روپئے کی منظوری دی گئی ہے اور کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ وزیر اعلیٰ محبوب نگر میونسپل کارپوریشن پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ضروری فنڈز فراہم کر رہے ہیں، اور اگلے پانچ سالوں میں محبوب نگر میں قابل قدر ترقی ہوگی۔ اس موقع پر چلڈرن پارک میں نصب ہائی ماسٹ الیکٹرک لیمپ کا افتتاح کیا گیا۔ اس پروگرام میں موڈا چیرمین لکشمن یادو، کانگریس کے سینئر لیڈر سراج قادری، کارپوریٹرس رامسوامی، پیڈاگولا نرسمہلو، قائدین عظمت علی، سنجیوا ریڈی، عبدالحق، ستیش کمار، کالونی ہاروکا کی خواتین اور دیگر نے شرکت کی۔