ہندوستانی حکومت کو جھوٹی خبروں کی کوئی ضرورت نہیں:راہل گاندھی نے کیا ٹویٹ

,

   

کانگریس کے قداور لیڈر وایناڈ سے رکن پارلیمان راہل گاندھی نے جمعرات کو حکومت کی طرف سے آٹو سیکٹر میں مندی کی وجہ نوجوانوں کو بتانے کو ’بیوقفانہ تھیوری‘ قرار دیا اور کہا کہ ملک کی معیشت کو درست کرنے کے لئے ایک ٹھوس حکمت عملی بنانے کی بہت ضرورت ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ حکومت من گھڑت اور جھوٹی خبروں کے ذریعے اقتصادی کساد بازاری کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’ہندوستان کو اس وقت منفی تشہیر، من گھڑت خبروں اور نوجوانوں کے حوالہ سے احمقانہ تھیوری نہیں بلکہ معیشت کو درست کرنے کے لئے ایک ٹھوس حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ یہ اعتراف کرنا کہ مسئلہ ہے، اس سے درست کرنے کی شروعات ہوتی ہے۔‘‘

اپنے ٹوئٹراکاونٹ سے راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انٹرویو کی ایک رپورٹ کو بھی شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے جی ایس ٹی اور نوٹ بندی کو اقتصادی بحران کی اصل وجہ بتایا ہے۔ منموہن سنگھ کا بیان مرکزی وزیر نرملا سیتا رمن کے بیان کے دو روز بعد منظر عام پر آیا تھا۔ سیتا رمن نے چنئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹو موبائل اور متعلقہ صنعت بی ایس 6 اور ان نوجوانوں کی ذہنیت کی وجہ سے ہے جو آٹو موبائل خریدنے کے بجائے اولا اور اوبیر سے سفر کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔

مودی حکومت کی اقتصادی محاذ پر ناکامیوں کے حوالہ سے راہل گاندھی لگاتار آواز اٹھاتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے اس سے پہلے گزشتہ اتوار کے روز بھی نشانہ سادھا تھا۔ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’’مودی حکومت کو ’ترقی سے پاک ‘ 100 دن پورے کرنے پر مبارک باد۔ جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، تنقید کو دبانے کے لئے گھٹنے ٹیک چکی میڈیا پر شکنجہ کسا جا رہا ہے، سمت اور حکمت عملی میں واضح کمی ہے جبکہ بحران میں مبتلا معیشت کو ابارنے کے لئے اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔