ہندوستانی شہریوں کیلئے قونصل خانہ ہمہ وقت دستیاب

   

محمد شاہد عالم سے خصوصی بات چیت

ایس ایم بلال
سعودی میں مقیم ہندستانیوں کے لئے ہندستانی وزارت خارجہ کے عہدیداروں کی مدد سے جو خدمات انجام دی جا رہی ہیں وہ ہندستانیوں کے لئے بے انتہاء مفید اور کارآمد ثابت ہونے لگی ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم ہندستانی شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے ہندستانی قونصل خانہ جدہ نے جو خدمات کا آغاز کیا ہے ان کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ قونصل جنرل ہندستان متعینہ جدہ محمد شاہد عالم نے ایک خصوصی ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2019 کے اواخر میں جہاں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہوچکی تھی اس وقت ہندستان نے اس مشکل دور اور حالات سے گھبرانے اور خوفزدہ ہونے کے بجائے ان حالات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کا اب فائدہ ہونے لگا ہے اور قونصل خانہ اپنے شہریوں کو بار بار چکر کاٹنے کے بجائے عصری سہولتوں کے استعمال کے ذریعہ ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا اور اب یہ کوشش کامیابی کے ساتھ چلائی جا رہی ہے اور اپنے مسائل کے حل کے لئے اب ہندستانی شہری جدہ کے قونصل خانہ سے رجوع ہونے کے بجائے آن لائن یا دیگر ذرائع سے اپنے قونصل عہدیداروں سے رابطہ کرتے ہوئے مسائل کو حل کرتے ہیں جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔سعودی عرب میں مقیم ہندستانی شہریوں کی اپنی انفرادیت ہے اور وہ قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں کیونکہ وہ اپنے مسائل اپنے طور پر حل کرنے کی قوت رکھتے ہیں۔ محمد شاہد عالم نے بتایا کہ کورونا وائرس کے دوران میں جہاں دنیا انٹرنیٹ اور سائبر دور میں قدم رکھتے ہوئے خود کو منوانے کی کوشش کر رہی تھی اسی دور میں ہندوستانی قونصل خانہ جدہ کی جانب سے عصری ٹکنالوجی کو اختیار کرنے کے لئے جو اقدامات کئے گئے ان میں موبائیل ایپلکیشن‘ آن لائن ‘ ویڈیو میٹنگ سسٹم‘ ای۔ آفس ‘ آن لائن صداقتنامہ اموات‘ کے علاوہ ہندستانی شہریوں کی امداد کے سلسلہ میں چیاٹ باٹ آن لائن کا آغاز کیا گیا ہے علاوہ ازیں قونصل خانہ آن وہیل کی سہولت کا آغاز کیا گیا ہے ۔موبائیل اپلیکیشن: ہندستانی قونصل خانہ جدہ نے اپنے شہریوں کے لئے موبائیل ایپ تیار کرتے ہوئے قونصل خانہ کی خدمات کو ہاتھ کی انگلیوں تک پہنچادیا ہے اور اس ایپ کو زائد از10ہزار ہندستانیوں نے اپنے موبائیل پر انسٹال کرتے ہوئے خدمات سے استفادہ کرنا شروع کیا ہے جس کی وجہ سے ان لوگوں کو معمولی کاموں کے لئے بھی قونصل خانہ کا چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں ہے۔
٭ آن لائن ورچول میٹنگ سسٹم : اس سہولت کے ذریعہ ہندوستانی شہری قونصل خانہ سے بذریعہ ویڈیو کالنگ راست طور پر عہدیداروں سے ربط پیدا کرتے ہوئے اپنے مسائل سے واقف کرواسکتے ہیں اور قونصل خانہ کی جانب سے فراہم کردہ مختلف سہولتیں بشمول ویزا ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کی اجرائی کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ ورچول میٹنگ سسٹم بہت ہی آسانی سے استعمال کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہے اور ہر ایک شہری کو 15 منٹ کے وقفہ کا ایک سلاٹ فراہم کیا جاتا ہے جس کے ذریعہ وہ اپنے مسائل سے قونصل خانہ کو واقف کرواسکتے ہیں ۔ قونصل جنرل کے مطابق یہ سہولت کے آغاز سے لے کر اب تک 600 ورچول اپائنمنٹ کئے جاچکے ہیں ۔
٭ ای آفس برائے شکایت کا ازالہ : سعودی عرب میں 70 تا 80 فیصد ہندوستانی ملازمین بلیو کالر ہیں اور انہیں کفالت ، خروج اور تنخواہوں سے متعلق شکایتیں ہوتی ہیں اور اس سسٹم کے ذریعہ ہر مہینے 150 تا 200 پرواسی بھارتی اپنی شکایتیں درج کرواتے ہیں اور یہاں کے عہدیدار ان شکایتوں کو ای آفس سسٹم کے ذریعہ نظرثانی کے بعد اس کی یکسوئی کرتے ہیں ۔ اس سسٹم میں یہ بھی سہولت فراہم کی گئی ہے کہ اگر کوئی ہندوستانی انگریزی سے واقف نہ ہوں وہ اپنی مادری زبان میں بھی یا رومن اردو میں بھی اپنی شکایت یا مسائل سے واقف کرواسکتا ہیں ۔
٭ آن لائین ڈیتھ رجسٹریشن سسٹم : سعودی عرب میں سالانہ 1500 ہندوستانیوں کی اموات ریکارڈ کی جاتی ہیں ۔ بعض ہندوستانیوں کی تدفین سعودی عرب میں ہی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ بعض نعشوں کو ہندوستان واپس بھیجا جاتا ہے ۔ اس کے لئے قونصل خانہ کا لازم ہے اور سابق میں این او سی کی اجرائی کیلئے رشتہ داروںکو شخصی طور پر قونصل خانہ کو آنا لازمی ہوتا ہے لیکن اس مرحلہ کو بھی ڈیجیٹل کردیا گیا ہے اور صرف آن لائین تفصیلات فراہم کرنے پر ہی فوری طور پر این او سی کی اجرائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔
٭ “May I Help You” چاٹ بوٹ آن لائین : جدہ کے قونصل خانہ نے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران چاٹ بورڈ سسٹم متعارف کیا تھا اور ہندوستانی اس کا بھرپور استعمال کررہے ہیں اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ کسی بھی ہندوستانی کو پاسپورٹ ، لیبر ، اموات ، ویزا ، حج یا دیگر موضوع پر فی الفور معلومات حاصل کرنے کیلئے چاٹ بوٹ کا استعمال کرسکتے ہیں اور اندرون چند سیکنڈس ہی انہیں تفصیلات فراہم کی جاتی ہیں ۔ اتنا ہی نہیں چاٹ بوٹ سسٹم کو قونصل خانہ کے واٹس ایپ سے مربوط کیا گیا ہے اور اب تک 3500 سوالات کے جوابات فراہم کئے جاچکے ہیں ۔
٭ Consulate on Wheel یہ ایک نمایاں سسٹم ہے جو قونصل خانہ جدہ کی جانب سے متعارف کیا گیا ہے اور موبائیل گاڑیوں کے ذریعہ قونصل خانہ کے عہدیدار ہندوستانیوں سے ربط پیدا کرنے کیلئے مخصوص علاقوں میں پہنچ کر اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں ۔ ہندوستانیوں کو اقامہ ، خروج اور جیل میں قید ہونے جیسے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس اقدام سے کئی ہندوستانیوں کو فائدہ پہنچا ہے ۔ ہندوستانی قونصل خانہ جدہ کے تحت جدہ ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ ، یامبو ، طائف ، تابوک ، خونفودا ، البحا ، ابھا ، جیزان ، نجران جیسے علاقے دائراختیار میں آتے ہیں ۔
ہندوستانی قونصل خانہ جدہ کے قونصل جنرل نوجوان آئی ایف ایس عہدیدار محمد شاہد عالم ہیں جن کا تعلق جھارکھنڈ سے ہے ۔ انہوں نے 2010ء میں انڈین فارن سرویس میں شمولیت اختیار کی تھی اور انہوں نے اپنی تعلیم جامعہ ملیہ یونیورسٹی نئی دہلی سے حاصل کی ۔ انہیں خلیج ممالک میں وسیع کام کا تجربہ رکھتے ہیں اور مرکزی وزارت خارجہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارکرد سفارتکار کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہیں انگریزی ، ہندی اور اردو زبانوں پر عبور حاصل ہے ۔