نئی دہلی۔ تجربہ کار ثانیہ مرزا اور سنگلز کھلاڑی انکیتا رائنا اور کرمن کور تھانڈی کو 12 اپریل سے ترکی کے انطالیہ میں شروع ہونے والے بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ ون ایونٹ کے لیے ہندوستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ رتوجا بھوسلے بھی اسکواڈ میں ہیں جب کہ جل دیسائی کی جگہ ریا بھاٹیہ کو شامل کیا گیا ہے۔ لٹویا نے گزشتہ سال اپریل میں پلے آف میچ میں ہندوستان کو شکست دی تھی۔ ہندوستان اس میں چین، انڈونیشیا، جاپان، جمہوریہ کوریا اور نیوزی لینڈ سے کھیلے گا۔ ٹاپ دو ٹیمیں پلے آف میں پہنچ جائیں گی۔کپتان وشال اپل نے کہا کہ ٹیم کو اگلے مرحلے تک پہنچنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا سلیکشن کمیٹی کی رائے تھی کہ ریاکو ان کے درجہ بندی میں بہتر مقام کی وجہ سے ٹیم میں جگہ ملنی چاہیے، وہ آخری بار کورونا وبا کی وجہ سے نہیں کھیل سکی تھیں۔ کوالیفکیشن چین اور جاپان کی وجہ سے سخت ہے۔