ریاض ۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) آل انڈیا اسٹیرنگ کمیٹی ریاض کی جانب سے ترتیب دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مملکتی وزیر برائے امور خارجہ شری کیرتی وردھن سنگھ نے مشترکہ مقصد اور قومی عزم کے تحت ایک پرجوش اپیل کرتے ہوئے، سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘‘وکست بھارت 2047’’ کے ویژن کو آگے بڑھانے میں فعال کردار ادا کریں۔ یہ ویژن ایک خوشحال، خود مکتفی اور عالمی سطح پر بااثر ہندوستان کی تعمیر کا عکاس ہے۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض (IISR) میں ہندوستانی برادری کے ارکان کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، سعودی عرب کو سرکاری دورے پر آئے شری سنگھ نے ملک کی ترقی اور امنگوں کی تکمیل میں بیرونِ ملک مقیم ہندوستانیوں کے گراں قدر تعاون کو اجاگر کیا۔ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان مستحکم تعلقات، شراکت داری میں بیرونِ ملک مقیم ہندوستانی برادری کے گہرے اور دیرپا کردار کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبوں میں دوستی اور تعاون کے تعلقات کو فروغ دینے میں ان کی بیش بہا خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موجودگی جغرافیائی حدود سے بالاتر ہے اور یہ برادری دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی ایک زندہ مثال ہے۔