ہندوستان۔روس کا فوجی تعاون اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ بڑھانے پر تبادلہ خیال

   

نئی دہلی: ہندوستان اور روس کے درمیان فوجی تکنیکی تعاون سے متعلق چوتھی میٹنگ میں طویل مدتی اسٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کے بارے میں گہرائی سے بات چیت کی گئی۔وزارت دفاع نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان-روس بین الحکومتی کمیشن کے تحت فوجی تعاون پر ورکنگ گروپ کی چوتھی میٹنگ روس کے ماسکو میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری کو تسلسل دینے میں انتہائی اہم ثابت ہوئی ہے ۔میٹنگ کی مشترکہ صدارت ہندوستان کی نمائندگی کررہے چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل جے پی میتھیواورروسی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے مین آپریشنل ڈائریکٹوریٹ کے ڈپٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل ڈیلیوسکی ایگور نکولائیوچ نے کی۔ ورکنگ گروپ نے اسٹریٹجک دلچسپی کے شعبوں میں مسلسل علم کے تبادلے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ مشقوں کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔