ہندوستان ، یوکرین بحران کے پرامن حل میں رول ادا کرنے تیار

   

کیف: وزیر اعظم نریندر مودی نے جنگ زدہ یوکرین کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے صدر ولادیمیر زیلینسکی سے کہا کہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔مودی نے کہا کہ ہندوستان یوکرین جنگ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے حق میں ہے اور ایک دوست کی حیثیت سے اس میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوموں کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام کے اصول پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔صدر زیلنسکی سے بات کرتے ہوئے ، مودی نے ، جو یوکرین کے ایک روزہ دورے پر ہیں، کہا کہ ماسکو کے اپنے دورے کے دوران انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے بھی کہا تھا کہ یہ جنگ کا نہیں امن کا وقت ہے ۔مودی نے کہا کہ ہندوستان شروع سے جنگ سے دور رہا ہے ، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہندوستان غیر جانبدار رہا ہے ، ہندوستان کا ساتھ امن کا ساتھ ہے ، ہندوستان امن کے ساتھ کھڑا ہے ۔ انہوں نے یوکرین کے صدر سے کہا کہ ہندوستان ایک دوست کی حیثیت سے ہے اور وہ خود بھی امن کی کوششوں میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔اپنے دورہ کیف کو تاریخی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی بار کوئی ہندوستانی وزیر اعظم یوکرین کی سرزمین پر آیا ہے ۔ انہوں نے یوکرین میں خوش آمدید کہنے پر صدر زیلینسکی کا شکریہ ادا کیا۔
مودی نے یوکرین۔روس جنگ کے ابتدائی دنوں میں یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانی طلباء کو نکالنے میں تعاون کے اظہار کے لیے زیلنسکی کا شکریہ ادا کیا۔