ہندوستان اور سعودی عرب کے تجارتی روابط مزید مستحکم

,

   

چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعت کاروں کا اجلاس، سعودی سفیر ڈاکٹر سعود الساطی کی شرکت

حیدرآباد ۔9۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ہندوستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود الساطی نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان صدیوں سے مختلف شعبوں میں بہتر تعلقات ہیں اور انہیں مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔ فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام ڈاکٹر سعود الساطی کے ساتھ صنعتکاروں کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار اور روایتی دوستانہ تعلقات ہیں جو معاشی اور سماجی سطح پر مستحکم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی جہت پیدا ہوئی ہے اور صنعتکاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے تبادلہ کے ذریعہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر سعود الساطی نے مزید کہاکہ ہند ۔ سعودی باہمی تعلقات عوام سے عوام کے مابین رابطوں کی بھی عکاسی کرتے ہیں ۔ گذشتہ سال ہندوستانی عازمین کی ریکارڈ تعداد نے فریضہ حج ادا کیا اور دو طرفہ سیاحت میں اضافہ کے منصوبے زیر غور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں تقریباً 30لاکھ ہندوستانی ورکرس برسرخدمت ہیں ، یہ تعداد مملکت میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے بیرونی ورکرس میں سب سے زیادہ ہے ۔ حکومت سعودی عرب نے قابل اور باصلاحیت تارکین وطن کیلئے رہائش (اقامہ ) اسکیم متعارف کی ہے تاکہ دنیا بھر سے ابھرتے ہوئے صنعت کاروں ،اختراعی صلاحیتوں کے حامل تاجرین اور سرمایہ کاروں کو راغب کیا جاسکے ۔ حالیہ عرصہ میں دونوں ممالک میں سیاسی اور سفارتی سطح پر تعلقات میں استحکام کے پس منظر میں تجارت کے بہتر مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ چیمبر آف کامرس کے ذمہ داروں نے بتایا کہ تلنگانہ کے روابط سعودی عرب سے ہمیشہ مستحکم رہے ہیں اور سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو باہمی تجارت کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ صدرنشین فِکی تلنگانہ اسٹیٹ کونسل ٹی مرلیدھرن اور مختلف صنعتوں کے سربراہوں اور نمائندوں نے شرکت کی۔