ہندوستان اپنی سیاحت کیلئے پوری دنیا میں مشہور :اوم برلا

   

نئی دہلی : لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ملک میں سیاحت کے وسیع امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان قدرتی وسائل، تاریخی مقامات، آثار قدیمہ کی یادگاروں اور مذہبی مقامات سے بھرا ہوا ملک ہے ، جو عالمی سطح پر سیاحت کیلئے مشہور ہیں۔ آج یہاں وگیان بھون میں سیاحت کی وزارت کے زیر اہتمام ’’سیاحتی پولیس پر قومی کانفرنس ‘‘ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر برلا نے اس خیال کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سیاحت صرف سفر تک محدود نہیں ہے ، بلکہ آج ہندوستان روحانیت، یوگا، آیوروید اور نیچروپیتھی کے مرکز کے طور پر پوری دنیا میں مشہور ہے ۔ مختلف شعبوں میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان طبی سیاحت کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی سیاحت، کاروباری سیاحت اور تعلیمی سیاحت کیلئے ایک اہم مقام کے طور پر ابھر رہا ہے ۔