ہندوستان ایشیا کپ کے تیسرے راونڈ میں داخل

   

دوحہ۔ افغانستان کے خلاف یہاں فیفا ورلڈ کپ قطر2022 اور اے ایف سی ایشیا کپ چین 2023کے مشترکہ کوالیفائرس کا گروپ ای کا مقابلہ 1-1سے ڈرا کھیلنے کے بعد ہندوستانی فٹبال ٹیم نے تیسرے مقام پر اپنی مہم ختم کی۔ہندستان آٹھ میچوں میں ایک کامیابی، چار ڈرا اور تین شکست سے سات نشانات حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہا۔ اس کی بدولت وہ سیدھے اے ایف سی ایشیا کپ چین 2023 کے کوالیفائرس کے تیسرے راونڈ میں پہنچ گیا۔ افغانستان کے ساتھ کھیلے گئے مقابلے میں ہندستان نے پہلے 1-0کی سبقت بنائی اور یہ افغانستان کے گول کیپر اویس عزیزی کی غلطی کی وجہ سے ہوا۔ دراصل میچ کے 75ویں منٹ میں اویس عزیزی نے خود اپنے ہی گول پوسٹ میں گول کردیا، حالانکہ اس کے بعد افغانستان نے 82ویں منٹ میں اپنے نوجوان کھلاڑی حسین زمانی کے شاندار گول کی بدولت 1-1سے برابری کرلی۔