ریاض۔ 10 اپریل (کے این واصف) کمیونٹی سے تال میل کے حصے کے طور پر، سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے جمعرات کی رات ریاض کے ’’انڈیا ہاؤس‘‘ میں ہندوستانی کمیونٹی کے اراکین کیلئے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ خطہ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اس اجتماع کو ایک خاص اہمیت کی نظر سے دیکھا گیا جو باہمی اتحاد اور یکجہتی کے پائیدار جذبے کا اظہار تھا۔ اس موقع پر کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ہند ڈاکٹر اعجاز خان نے ہندوستانی کمیونٹی کی بہترین الفاظ میں ستائش کی جنہون نے موجودہ صورتحال کے دوران قابل ستائش تحمل کا مظاہرہ کیا۔ سفیر ہند نے کمیونٹی کے ارکان کا سعودی دوستوں اور بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کے طریقے کو خاص طور پر سراہا جو باہمی احترام اور تعاون کے گہرے احساس کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر سفیر ہند ڈاکٹر اعجاز لان نے کمیونٹی کو بلاتعطل مدد فراہم کرنے کیلئے سفارتخانے کے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے وقتاً فوقتاً جاری ہونے والے سفارتخانے کے مشورے پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ کمیونٹی سے ہر وقت رسائی کو یقینی بنانے کیلئے سفارتخانے میں 24 گھنٹے ہیلپ لائن کام کر رہی ہے۔ قونصلر خدمات بغیر کسی رکاوٹ کے مؤثر طریقے سے فراہم کی جارہی ہیں اور مشکل حالات میں بھی قونصلر کیمپوں کا اہتمام بھی جارہا ہے۔ سفیر نے اس بات اعادہ کرتے ہوئے زور دیا کہ ہندوستان اپنی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی حمایت میں ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے مملکت کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا بھی اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان خطے میں امن، بات چیت اور استحکام کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔W/H