ہندوستان میں اسرائیل کیلئے وسیع حمایت کا انکشاف

   

نئی دہلی: اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازعہ پر سی ووٹر کے خصوصی سروے سے پتہ چلتا ہیکہ ہندوستان میں اسرائیل کی حمایت بڑھ رہی ہے۔ روایتی طور پر ہندوستان نے فلسطینیوں کیلئے ایک آزاد وطن کے مقصد کی حمایت کی ہے اور یہ سرکاری پالیسی ہے۔ جب یہ پوچھا گیا کہ ہندوستان کس کی حمایت کرے تو تقریباً 42 فیصد جواب دہندگان نے رائے دی کہ اسے اسرائیل کی مکمل حمایت کرنی چاہیے، جبکہ صرف17 فیصد کا کہنا ہے کہ ہندوستان کو فلسطین کی مکمل حمایت کرنی چاہیے۔ جب ان سے ان کی ذاتی حمایت کے بارے میں پوچھا گیا تو تقریباً (48 فیصد) اکثریت اسرائیل کے حق میں تھی، جب کہ ایک چوتھائی سے بھی کم فلسطین کے حق میں تھے۔مزید جواب دہندگان کی واضح اکثریت (50.3 فیصد) فلسطین میں حماس کے اہداف پر بمباری کرنے کیلئے اسرائیلی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں جبکہ ایک تہائی سے زیادہ ان اقدامات کی مخالفت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر یہ پوچھا گیا کہ اگر ہندوستان اسرائیل کی حمایت کرتا ہے تو وہ کیا کریں گے، جواب دہندگان میں سے 54 فیصد نے کہا کہ وہ اس اقدام کی حمایت کریں گے جبکہ نصف (27 فیصد) نے کہا کہ وہ اس کی مخالفت کریں گے۔اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعہ نے7 اکتوبر کو خوفناک شکل اختیارکر لی جب حماس کے ایک ہزار سے زیادہ جنگجو نے غزہ کی سرحد کے قریب ایک میوزک فیسٹیول اور اسرائیلی محلوں پر حملہ کیا۔حماس کے جنگجو نے 1,300 سے زیادہ اسرائیلی شہریوں کو سردمہری میں قتل کیا۔ حماس نے 200 اسرائیلی اور دوسرے ممالک کے لوگوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔غزہ کی پٹی میں رہنے والے فلسطینیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اسرائیلی فورسز نے حماس کے مشتبہ ٹھکانوں پر بار بار فضائی حملے کیے ہیں۔ سینکڑوں بچوں سمیت ہزاروں فلسطینی مارے گئے ہیں۔