ملک کے دس ریاستیں متاثر ، جنیوم کی جانچ کے اقدامات
حیدرآباد۔4جولائی (سیاست نیوز) ہندستان میں کورونا وائرس کی قسم اومی کرون کی ذیلی قسم خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ ہندستان کی 10ریاستوں میں اومی کرون کی نئی ذیلی قسم پائے جانے کے بعد اسرائیلی ماہرین نے حکومت ہند کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی 10 ریاستوں میں پائے جانے والے نئے کورونا وائرس کے مریضوں کے متعلق بتایاجاتاہے کہ ان میں اومی کرون کی نئی ذیلی قسم پائی جا رہی ہے جو خطرناک صورتحال اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہورہے اضافہ کے سلسلہ میں تیار کی جانے والی رپورٹس کے مطابق ملک میں فی الحال ڈیلٹا اور اومی کرون کے مریضوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور اومی کرون کے مریضوں کی تعداد زیادہ ریکارڈ کی جا رہی ہے اور ان کے جینوم کی جانچ پر بیشتر تمام مریضوں میں BA.4 اور BA.5 کی علامات کی توثیق ہونے لگی تھی لیکن گذشتہ یوم اسرائیلی ماہرین نے بتایا کہ اومی کرون کی ذیلی قسم BA.2.75 کے شکار مریضوں کی نشاندہی کی جار ہی ہے جس کے جینوم کی جانچ نہیں ہوپائی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اسرائیلی حکام نے ملک کی 10 ریاستوں میں ان مریضوں کے پائے جانے کی توثیق کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت ہند کو ان معاملات کے متعلق چوکس رہنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت ہند کے محکمہ صحت کی جانب سے اومی کرون کی نئی ذیلی قسم کے متعلق تاحال کوئی انتباہ یا اس کے خطرناک ہونے کی کوئی بات نہیں کہی گئی ہے لیکن اسرائیل نے بعد تحقیق جو انکشاف کیا ہے اس کا ہندستانی ماہرین و سائنسداں جائزہ لے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اسرائیل کی جانب سے متنبہ کئے جانے کے بعد حکومت ہند کے ماہرین نے ملک کی ان 10 ریاستوں میں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہاہے ان مریضوں میں 50 فیصد مریضوں کے جینوم کی جانچ کے اقدامات یقینی بنانے کا ریاستی حکومتوں کو مشورہ دیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ جن ریاستوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ان مریضوں سے رابطہ میں آنے والوں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے فیصد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔م