ہندوستان کامیابی سے چند قدم دور

   


اشون کی کرئیر میں 5 ویںسنچری
چینائی۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم چینائی میں رواں دوسرے ٹسٹ میں کامیابی سے محض 7 وکٹ دور ہے جبکہ انگلش ٹیم کو کامیابی کیلئے دو دنوں میں ہنوز429 رنز دور ہے۔ کامیابی کے لئے 482 رنز کے ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں مہمان ٹیم ٹسٹ کے تیسرے دن تین وکٹوں کے نقصان پر 53 رنز اسکور کئے ہیں اور اسکی ساری امیدیں جیو روٹ سے وابستہ ہیں جوکہ 8 گیندوں میں 2 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔ قبل ازیں اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری (106) مکمل کی جس کی بدولت ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں286 رنز بنائے اور انگلینڈ کے سامنے دوسرے کرکٹ ٹسٹ میں جیت کے لئے 482 رن کا چیلنجنگ ہدف رکھا۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں329 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 134 رن پر آوٹ ہوگئی تھی۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں 195 رن کی بڑی سبقت ملی تھی۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں پیر کے روز تیسرے دن ایک وکٹ پر54 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی اننگز 286 رن پر جاکر ختم ہوئی۔اشون نے شاندار بیٹنگ کی اور233 منٹ کریز پر رہ کر148 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی سنچری میں 14 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اشون نے کیریر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔ان کی انگلینڈ کے خلاف یہ پہلی سنچری ہے ۔ ان کی باقی چار سنچری ویسٹ انڈیز کے خلاف بنی ہے ۔ ہندوستان نے صبح اپنی اننگز ایک وکٹ پر 54 رن سے آگے بڑھائی۔ روہت شرما نے 25 اور چتیشور پجارا نے سات رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ہندوستان کو صبح دوسرا جھٹکا جلد ہی لگ گیا جب پجارا اپنے کل کے اسکور پر رن آوٹ ہوگئے ۔ پجارا گیند کو کھیلنے کریز سے باہر نکل آئے تھے اور گیند شارٹ لیگ پر پہنچی جہاں فیلڈر نے فوراً گیند وکٹ کیپر کو دی جنہوں نے پجارا کو رن آوٹ کردیا۔ ہندوستان کا دوسر اوکٹ 55 کے اسکور پر گرا۔ ہندوستان کو اسی اسکور پر سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے روہت شرما اسپنر جیک لیچ کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوئے ۔ پہلی اننگز میں 161 رن بنانے والے روہت نے 70 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رن بنائے ۔وکٹ کیپر رشھ پنت کو تیزی سے رنز بنانے کے لئے اجنکیارہانے سے پہلے بھیجا گیا لیکن پنت 11 گیندوں میں آٹھ رن بنانے کے بعد اسپنر جیک لیچ کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوگئے ۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ 65 کے اسکور پر گرا۔ ہندوستان نے 10 رن کے وقفے میں تین وکٹ گنوائے ۔پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے نائب کپتان رہانے بھی زیادہ وقت تک کریز پر ٹھہر نہیں سکے اور آف اسپنر معین علی کا شکار بن گئے ۔ رہانے نے 14 گیندوں میں 10 رن بنائے۔کوہلی نے 62 رنز بنائے۔انگلینڈ کیلئے لیچ اور معین علی نے فی کس 4 وکٹس لئے۔