ہندوستان کو آج بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی ضروری

   

ہیملٹن۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو رواں ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی دوڑ میں خود کو برقرار رکھنے کیلئے کل کھیلے جانے والے مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست دینا لازم ہے ۔بنگلہ دیش جس نے اپنے گزشتہ مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست برداشت کی ہے لیکن اس نے اس قبل پاکستان جیسی ٹیم کو حیران کرنے والی شکست سے دوچار کیا ہے ۔دوسری جانب ہندوستان ٹیم کو گزشتہ مقابلے میں 277 رنز کا ہمالیائی اسکور کرنے کے باوجود اس کے دفاع میں ناکام رہی ہے ۔اعداد وشمار اور تجربہ کی بنیاد پر دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی بڑی مسابقت نہیں ہے لیکن بنگلہ دیش حیران کن نتائج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔دریں اثناء قومی کرکٹر اسنیہ رانا نے کہا کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے پچھلے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کے باوجود ٹیم کا موڈ مثبت ہے اور ٹیم منگل کو سیڈن پارک میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے کا انتظارکر رہی ہے۔ ہندوستان جو ورلڈکپ کے 2017 ایڈیشن میں رنر اپ تھا اسے رواں ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور پھر آسٹریلیا کے خلاف لگاتار دو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور فی الحال وہ ٹورنمنٹ میں تین شکست اور دو فتوحات کے بعد جدول میں چوتھے نمبر پر ہے۔ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے ہندوستان کو منگل کا مقابلہ اور جنوبی افریقہ کے خلاف آخری میچ جیتنا ہو گا جبکہ جنوبی افریقہ بھی اس وقت ٹورنمنٹ کی ناقابل تسخیر دوسری ٹیم ہے ۔ اس کے علاوہ ہندوستان کو دوسرے لیگ گیمز کے نتائج کا بھی انتظارکرنا ہوگا۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ٹیم انتظامیہ ورلڈ کپ میں ڈیبیو کرنے والے بنگلہ دیش کے خلاف مقابلے کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کرے گی تو رانا نے کہا ٹیم انتظامیہ کسی بھی تبدیلی کا فیصلہ کرے گی۔ تاہم ہمارے ٹیم کیمپ میں موڈ مثبت ہے۔ جب آپ کوئی میچ ہارتے ہیں آپ کے اعتماد کوکم کرنے کا رجحان ہے۔ ہر میچ سے پہلے اور بعد میں سینئرز اور جونیئرز کی گفتگو ہورہی ہے جو ٹیم کیلئے فائدہ مند ہے ۔