ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں طلبہ کو فیلوشپ، گورنر شیو پرتاپ شکلا کا خطاب
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے کہاکہ ہندوستان کو عالمی طاقت بنانے کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ ویمن امپاورمنٹ ضروری ہے۔ گورنر نے آج ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں 375 آدی واسی اور 2 ٹرانسجینڈر طلبہ میں جیوتی فاؤنڈیشن فیلوشپ تقسیم کئے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ جیوتی ریڈی فاؤنڈیشن نے آدی واسی اور ٹرانسجینڈر طلبہ کی مدد کے لئے فیلوشپ کا اعلان کیا۔ گورنر جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، تقریب میں شرکت کی اور فاؤنڈیشن کی مساعی کو سراہا۔ اُنھوں نے کہاکہ بابو جگجیون رام، جیوتی با پھولے اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے سماجی اصلاحات اور کمزور طبقات میں تعلیم کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ گورنر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سماجی مصلحین کی زندگی سے استفادہ کرتے ہوئے سماجی انصاف کے نظریات پر کام کریں۔ شیو پرتاپ شکلا نے کہاکہ تعلیم کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں ہے۔ سماج میں ٹیچرس کو نمایاں مقام حاصل ہے جو سماج کے بہتر مستقبل کی ضمانت بن سکتے ہیں۔ گورنر نے طلبہ سے کہاکہ وہ تعلیم میں اپنے مقصد کی تکمیل تک چین سے نہ بیٹھیں۔ گورنر نے یونیورسٹی اور جیوتی فاؤنڈیشن کی ستائش کی۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیرمین ڈاکٹر بنڈا پرکاش مدیراج نے کہاکہ آدی واسی طلبہ کی تعلیمی امداد حوصلہ افزاء اقدام ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر جی چکرا پانی نے صدارت کی۔ اُنھوں نے یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ڈیجیٹل شعبہ کو فروغ دینے کا حوالہ دیا۔ جیوتی ریڈی فاؤنڈیشن کی شریمتی ڈی جیوتی ریڈی نے یونیورسٹی سے اپنی وابستگی کا حوالہ دیا اور کہاکہ وہ سابق طلبہ میں شامل ہیں۔ اُنھوں نے آدی واسی اور ٹرانسجینڈر طلبہ کی تعلیمی امداد کو فاؤنڈیشن کیلئے باعث فخر قرار دیا۔1/V/k/b